اسلام آباد+ لاہور(خصوصی نمائندہ+ آئی این پی، صباح نیوز) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے آشیانہ اقبال سکینڈل میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی۔ ذرائع کے مطابق شہبازشریف کیخلاف ریفرنس ہفتہ یا پیر کو دائر کیے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ شہباز شریف پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ ادھر چیئرمین قومی احتساب بیورو جسٹس (ر) جاوید اقبال نے جمعرات کو نیب لاہور آفس کا دورہ کیاجہاں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہورکی جانب سے لاہور بیورو کی مجموعی کارکردگی اور زیرِ تفتیش کیسز پر جامع بریفنگ دی گئی۔چیئر مین نیب نے میگا کرپشن کیسز جن میں56کمپنیز کیس ، پیراگون سٹی سکینڈل، آشیانہ اقبال کرپشن کیس اور پنجاب پولیس فنڈز میں مبینہ بدعنوانی کے کیسز میں ہونیوالی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ چیئر مین نیب کا کہنا تھا نیب کرپشن فری پاکستان کے خواب کو تعبیر بخشنے کیلئے کوشاں ہے جبکہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ میرٹ،شفافیت اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر اقدامات اٹھائے جائیں۔چیئر مین نیب نے کہا نیب کسی ملزم کے میڈیا ٹرائل کے حق میں نہیں, نیب کے قانونی اقدامات بزات خود میڈیا ٹرائل کا شکار ہیں تاہم میڈیا سے درخواست ہے کہ نیب سے متعلق خبریں ترجمان نیب سے تصدیق کے بعد چلائیں، قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔نیب میں شواہد کے بغیر کسی ملزم کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی تاہم نیب کے تمام اقدامات ٹھوس شواہد کی بنیاد پرہی اٹھائے جاتے ہیں۔ نیب میں تمام ملزموں کو نہ صرف جیل مینﺅل سے بڑھ کر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں بلکہ انکی عزتِ نفس کا آئین و قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے باقاعدہ خیال بھی رکھا جا رہا ہے تاہم تفتیشی عمل میں مداخلت اور کسی قسم کی رعایت کا تصور نیب میں موجودنہیں۔ نیب صرف اور صرف میرٹ ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق بدعنوان عناصر کے خلاف مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے۔
چیئرمین نیب