اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+سٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے ملاقات کی جس میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر جنرل زبیر محمود حیات نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ تجارت اور دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، ترک صدر کےلئے پاکستانی عوام کے دلوں میں خاص احترام ہے، توقع ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردگان کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ جبکہ ترکی کے وزیر دفاع نے کہا کہ ترکی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کوششوں کو سراہتا ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم عمران خان سے ترکی کے وزیر دفاع نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر دفاع پرویزخٹک بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ترکی کی سماجی و معاشی ترقی میں ترک صدر کے وژن کے معترف ہیں۔ ترکی کے وزیر دفاع نے وزیراعظم عمران خان کو ترک صدر رجب طیب اردگان کا مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔ ترک قیادت وزیراعظم عمران خان کے دورہ ترکی کی منتظر ہے۔سرکاری بیان کے مطابق ترکی کے وزیر دفاع نے وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال سے ملاقات میں پاکستان اور ترکی کے دیرینہ تعلقات اور دو طرفہ دفاعی پیداوار میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ زبیدہ جلال نے دفاعی پیداوار کی نمائش آئیڈیاز 2018 میں ترکی کی بھرپور شرکت پر ترک وزیر دفاع کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم ملاقاتیں