اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اْمورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی ابتر صورت حال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی پرامن تحریک کو دبانے کے لیے تمام اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں کٹ پتلی جمہوری حکومت ہو یاپھر صدراتی راج تمام حکومتوں کا محض مقصد نہتے کشمیریوں کا استحصال اور قتل عام کرنا ہے انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی گزشتہ ستر سال کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ تمام نام نہادکٹ پتلی حکومتوں میں کشمیروں کو انسانیت سوز مظالم کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ دوسروں کو جمہوریت اور سیکولر بننے کی تلقین کرنے والے بھارت کا اصل چہرہ روزانہ دْنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے اور وہ دن دور نہیں ہے جب عالمی برادری اپنی دہائیوں پرمبنی بے حسی اور خود غرضی کو چھوڑ کر بھارت کے خلاف موثر کاروائی کریں گے اور کشمیریوں کو اْن کا حق خود ارادیت دلوائیں گے۔وفاقی وزیر نے تمام پاکستانی بھائیوں اور نوجوانوں سے بھر پور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے سے بھارتی مظالم کو عالمی دْنیا تک پہنچانے میں اپنا فعال کردار ادا کرے تاکہ اْن کی طرف سے بھی تحریک آزادی کشمیر میں حصہ ڈھل سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آئے روز ایل او سی پر فائرنگ سے پاکستان کے عزم کو ہلا نہیں سکتا اور پاکستانی حکومت اور قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی تمام تر سیاسی،اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
عالمی برادری بے حسی چھوڑ کر کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دلوائے‘ علی امین
Dec 21, 2018