سعودی عرب،یواےای ولی عہد آئندہ سال کےآغاز میں پاکستان کا دورہ کرینگے

Dec 21, 2018 | 08:36

ویب ڈیسک

وفاقی کابینہ نے مقبوضہ کشمیر میں صدر راج اور بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا۔ وزیراطلاعات فواد چودھری نے صحافیوں کو کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال سے متعلق آج اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بات کریںگے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے ولی عہد باالترتیب اگلے ماہ اور فروری میں پاکستان کا دورہ کریںگے۔وزیراعظم نے وزراء کو ہدایت کی کہ وہ اپنے غیر ملکی دوروں کو محدود کریں۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ملک میں دواؤں کی قیمتوں پر بھی غور کیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بڑے شہروں کے ماسٹر پلان تیار کئے جائیں گے جبکہ اسلام آباد کے لئے ماسٹر پلان کی تیاری کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے نئی فضائی کمپنیوں کے لئے لائسنسوں کی منظوری بھی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم غیرملکی صحافیوں کو ویزا سہولتوں میں آسانی دینا چاہتے ہیں اور پاکستان آنے والے سیاحوں کے لئے مزید سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے دو ارکان علی وزیر اور محسن داوڑ کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکال دیے گئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج الیکشن کمیشن میں ایک ریفرنس دائر کیا گیا جس میں سابق صدر آصف علی زرداری کو اثاثے چھپانے پر نااہل قرار دینے کی استدعا کی گئی۔فواد چودھری نے صحافیوں کو بتایاکہ وزیراعظم عمران خان نے داخلہ امور کے وزیرمملکت کو تمام ہوائی اڈوں پر مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ سید جاوید حسین کو آج کابینہ کے اجلاس میں نیشنل ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ملک میں ٹیکس نظام کے بارے میں فواد چودھری نے کہا کہ حکومت ملک میں نئی ٹیکس پالیسی متعارف کرانے پر غور کررہی ہے اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومت اس سلسلے میں عالمی بنک سے رابطہ کریگی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ سابقہ فاٹا کیلئے کوئی فنڈ نہ روکیں اور قبائلی علاقوں کے لوگوں کی فلاح وبہبود کیلئے ایک ارب تین کروڑ روپے جاری کردیے گئے ہیں۔افغانستان کے لئے پاکستان کی امدادکے بارے میں انہوں نے کہا کہ افغان عوام کی سہولت کیلئے کابل میں دوسوبستروں پر مشتمل جناح ہسپتال تعمیر کیا گیا ہے۔ آج کے اجلاس میں افغان طلباء کیلئے وظائف کی بھی منظوری دی گئی۔

مزیدخبریں