پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی پر جھوٹے کیسز کوئی نئی بات نہیں، آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف جے آئی ٹی کے پاس کوئی ثبوت نہیں اور صرف غلط باتیں گھڑی جارہی ہیں،میڈیا ٹرائل عدالتی ٹرائل کو ٹیک اوور کرلیتا ہے، عدالتی پابندی کے باوجود زیر التوا کیسز پر تبصرہ ہوتا ہے۔ صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف جے آئی ٹی کے پاس کوئی ثبوت نہیں اور صرف غلط باتیں گھڑی جارہی ہیں، پیپلز پارٹی کے لیے یہ کوئی نئی بات نہیں ہے، جے آئی ٹی کی رپورٹ نہ ہم نے دیکھی نہ آپ نے دیکھی۔خورشید شاہ نے کہا کہ میڈیا ٹرائل ہماری بڑی بدقسمتی ہے جو لوگوں کا ذہن بنا دیتا ہے اور میڈیا ٹرائل عدالتی ٹرائل کو ٹیک اوور کرلیتا ہے جبکہ پیمرا خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے۔آصف زرداری اور فریال تالپور کی پیشی کے موقع پر کارکنان کی بڑی تعداد کی موجودگی پر خورشید شاہ نے کہا کہ کراچی کی بینکنگ کورٹ میں کیمروں کی وجہ سے کارکنان آئے، اگر کیمرے نہ ہوتے تو کارکنان بھی نہ آتے۔ا نہوں نے کہا کہ ہمارا میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے، وقتا فوقتا جے آئی ٹی رپورٹ لیک کی جاتی رہی ہے، ہم نے آمروں کے تجربے کیے، ہم نے فرد واحد کے تجربے کیے، جسٹس منیر سے لے کر جسٹس ثاقب نثار تک سارے ججوں کو دیکھا ہے، عدلیہ کے اچھے اور برے فیصلے بھی دیکھے ہیں، جسٹس افتخار چودھری کو بھی دیکھا جس نے وردی میں ڈکٹیٹر کو آئین میں ترمیم کی اجازت دی۔خورشید شاہ نے کہا کہ جوڈیشل ٹرائل سے پہلے میڈیا ٹرائل شروع کردیا جاتا ہے اور عدالتی پابندی کے باوجود زیر التوا کیسز پر تبصرہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال ہمارے لیے نئے نہیں لیکن ہم اپنی ریاست اور جمہوریت کیلئے خیر مانگتے ہیں، ہم کسی بھی حالات کیلئے ذہنی طور پر تیار ہیں۔
پیپلز پارٹی پر جھوٹے کیسز کوئی نئی بات نہیں,میڈیا ٹرائل عدالتی ٹرائل کو ٹیک اوور کرلیتا ہے:خورشید شاہ
Dec 21, 2018 | 12:44