لاہور(نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ پنجاب پولیس ماڈرن پولیسنگ کی طرز پر جدید ٹیکنالوجی ، فارنزک سائنس،کرائم انویسٹی گیشن کیلئے جدید علوم او ر ورکنگ ماڈیولز کے موثراستعمال کو یقینی بنار ہی ہے جس سے معاشرے میں قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کیساتھ پبلک سروس ڈلیوری کانظام بھی دن بدن بہتر ہو رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں امریکن قونصلیٹ کے دو رکنی وفدسے ملاقات کے دوران کیا ۔امریکن وفد کی قیادت سیکورٹی اتاشی یو ایس قونصلیٹ مسٹر میتھیو کوپیک نے کی ۔دوران ملاقات امن و امان اور سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔امریکن وفد نے محدود وسائل کے باوجود دہشت گردی کنٹرول کرنے میں پنجاب پولیس کے فعال کردار اور بروقت کاوشوں کوسراہتے ہوئے کہاکہ پنجاب پولیس عوام کی جان ومال کے تحفظ کا فریضہ بہترین انداز میں سر انجام دے رہی ہے ۔