برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ عالمی برادری کی خاموشی سے بھارت کو شہ مل رہی ہے جو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
لندن میں نماز جمعہ کے بعد مختلف اسلامی ملکوں کے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کی اطلاعات اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی جانب سے جاری کی گئی دستاویزی رپورٹس نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے سنگین مظالم کو بے نقاب کیا ہے۔نفیس ذکریا نے کہا کہ بھارتی فوج نے تقریباً تیرہ ہزار کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر رکھا ہے جن کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ کشمیری نوجوانوں کی غیرقانونی گرفتاریوں کا فوری نوٹس لیا جائے تاکہ کہیں ان نوجوانوں کو بھی قتل نہ کر دیا جائے جس طرح بھارتی فوج نے ماضی میں جعلی مقابلوں میں ہزاروں کشمیریوں کا قتل عام کیا۔