جسٹس گلزار احمد نے نئے چیف جسٹس کےعہدے کاحلف اٹھالیا

جسٹس گلزار احمد نے پاکستان کے 27 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس گلزار احمد سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب حلف برداری ایوان صدرمیں منعقد ہوئی ،تقریب کے آغاز میں ترانہ  پیش کیا گیا اورقرآن پاک کی تلاوت کی گئی ، چیف جسٹس گلزار احمدکی تقریب حلف برداری میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان کے علاوہ صدر پاکستان ، وزیر اعظم عمران خان ، سینئر جج صاحبان اور سینئر وکلا شامل تھے۔جسٹس گلزار 27ویں چیف جسٹس آف پاکستان بنے ہیں، وہ یکم فروری 2022 تک اس منصب پر فائز رہیں گے۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد پیر سے سپریم کورٹ اسلام آباد میں مقدمات کی سماعت کریں گے، جسٹس گلزار احمد کی عدالت میں سب سے پہلا مقدمہ چیف سیکرٹری پنجاب کا سنا جائے گا۔کیس کی سماعت جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کرے گا، جبکہ جسٹس سید منصور علی شاہ بینچ کا حصہ ہوں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس سے خطاب میں جسٹس گلزار احمد  کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ قانون کی حکمرانی، آئین کے تحفظ، آزاد عدلیہ کے چیلنجز سے نبرد آزما ہوتی آئی ہے، ماضی میں بھی عدلیہ ان چیلنجز سے نمٹی ہے، آئین پاکستان ایک زندہ وجاوید دستاویز ہے، عوام کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے.

ای پیپر دی نیشن