اسلام آباد (نامہ نگار )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کو نیب نے 24 دسمبر کو طلب کیا گیا ہے۔انھیں جعلی اکاؤنٹس کیس میں طلب کیا گیا ،۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو نیب کا نوٹس موصول ہوگیا ہے، ترجمان نے کہا کہ جب چیف جسٹس بھری عدالت میں کہہ چکے کہ بلاول بھٹو بے قصور ہیں تو نیب کا نوٹس بھیجنا انہیں ہراساں کرنے کے مترادف ہے، انہوںنے کہا کہ جب بھی حکومت بحران کا شکار ہوتی ہے، مخالفین کو نیب کے ذریعے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جاتا ہے، نیب بتائے کہ اس نے حکومتی ارکان و وزراء کو کتنے نوٹسز دئیے، نیب بتائے کہ حکومتی اراکین اور وزراء کے خلاف کرپشن کیسز کیوں زیرالتوا ہیں ،نیب صرف اپوزیشن کے اراکین کو نشانہ بنارہی ہے، دریں اثناپی پی پی کی راہنمائشیری رحمان نے کہا کہ پرویز مشرف کے کیس پر تبصرہ کیا اور نیب نے بلاول بھٹو کو نوٹس جاری کرکے طلب کرلیا، عمران خان نیب کے نوٹسز کے پیچھے چھپنے کے بجائے سامنے کیوں نہیں آتے؟ جب جب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری حکومت کی نااہلی واضح کرتے ہیں، نیب متحرک ہوجاتی ہے، جب سے چیئرمین نیب کا اسکینڈل سامنے آیا ہے، انہیں حکومت کے کرپشن کیسز بھول گئے ہیں، نیب کا نوٹس اس بات کا ثبوت ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے حکومت ڈری ہوئی ہے، نیب عدالت میں ثبوت پیش نہیں کرتی مگر میڈیا پر ذرائع سے خوب خبریں چلواتی ہے، کردارکشی نیب کا وطیرہ ہے اور اب پاکستان کے عوام نیب کے کردار کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں۔