2019 ء کا شدید ترین زلزلہ‘ پاکستان سمیت بیشتر ممالک لرز اٹھے‘ شدت 6.4

Dec 21, 2019

لاہور (سپورٹس رپورٹر، نمائندگان، نامہ نگاران) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سہ پہر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، ریکٹر سکیل پر اسکی شدت 6.4 تھی۔ لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ پاکستان بھر میں آنے والا حالیہ زلزلہ اتنا شدید تھا کہ لوگ گھروں اور دفاتر سے خوف کے مارے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔ زلزلہ 4 بجکر 39 منٹ پر آیا اس کی گہرائی 210کلومیٹر جبکہ مرکز کوہ ہندوکش تھا جھٹکے تقریباً 1 منٹ تک محسوس کئے جاتے رہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ادھر چترال میں جھٹکوں کے باعث پہاڑوں سے پتھر گرنے کے واقعات ہوئے، تاہم کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ خیبر پی کے کے شہروں لکی مروت، بٹگرام، ملاکنڈ، ایبٹ آباد جبکہ آزاد کشمیر کے علاقوں میرپور ودیگر، اس کے علاوہ مری، سوات، کوٹلی، بھمبر، ہری پور، کلرکہار، ڈی آئی خان، سکردو، لوئر دیر اور اپر دیر میں بھی زلزلہ آنے کی اطلاعات ہیں۔ پاکستان کے علاوہ دیگر ہمسایہ ملکوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ننکانہ صاحب‘ قصور اور شیخوپورہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔

مزیدخبریں