لاہور (نامہ نگار) ایل ڈی اے نے تھانہ نواب ٹاؤن میں مسلم لیگ(ن)کے ایم این اے افضل کھوکھر، ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کروادیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایل ڈی اے مدعیت میں درج مقدمے کے مطابق لوگوں کی زمینوں پر غیر قانونی قبضہ کر کے کھوکھر پیلس تعمیر کیا گیا۔ سرکاری ادارے کارروائی کے لئے گئے تومسلح ملزمان نے سرکاری ملازمین کو جان سے مارنے کی دھمکیاں، کار سرکار میں مداخلت، اسلحے اور ڈنڈوں سے مزاحمت، روڈ بلاک کر کے نعرے بازی اور دیگر جرائم کا ارتکاب کیا۔ پولیس نے ایم این اے افضل کھوکھر، ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر، ان کے بھائی شفیع کھوکھراور ان کے بیٹوں و دیگر رشتے داروں سمیت سواسو نامعلوم ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ قبل ازیں گزشتہ روز ایل ڈی اے اور پولس کو کھوکھر پیلس کی دیوار گرانے کے دوران شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا، علاقہ مکینوں اور لیگی کارکنوں نے شدید احتجاج کیا، پولیس کیخلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین آپریشن روکنے کیلئے بلڈوزر پر چڑھ گئے، خواتین بھی ڈنڈے سوٹے لے کر سامنے آ گئیں۔ ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اور اسسٹنٹ کمشنر کے کھوکھر برادران کے وکلاء سے مذاکرت ہوئے۔ دوگھٹنوں کی کوششوں کے باوجود آپریشن نہ ہو سکا، ایل ڈی اے، ضلعی حکومت اور پولیس کی ٹیمیں واپس لوٹ گئیں، بھاری مشینری محل سے ہٹا لی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ضلعی انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ کھوکھر پیلس میں 46 کنال اراضی غیر قانونی طور پر شامل کی گئی لیکن احتجاج کے باعث جانیں بچانے کے لیے آپریشن ملتوی کیا گیا ہے۔ دوسری جانب لیگی ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر کا کہنا ہے کہ کھوکھر پیلس کا ہر مرلہ قانونی ہے، نیب نے بھی انہیں کلیئر قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی وزراء اپنی جے آئی ٹی بنا کر تحقیقات کر لیں کسی کے اشاروں پر مت ناچیں۔ اس حوالے سے ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ عمران خان سیاسی انتقام میں پاگل ہوگئے ہیں۔ جعلی اقتدار ایسے نہیں بچ سکتا۔