لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے اجتماعات سے کرونا کا پھیلاؤ بڑھا۔ اس ٹولے نے بلاجواز عوام کی زندگیوں کو داؤ پر لگایا۔ پنجاب میں گزشتہ24گھنٹے کے دوران کرونا722نئے کیس سامنے آئے۔ گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کرونا کے باعث 46 مریض جاں بحق ہوئے۔ پنجاب میںکرونا کے مریضوں کی تعداد131428تک پہنچ گئی ہے۔ لاہور میں مریضوں کی تعداد64370تک بڑھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی دوسری لہر پہلے کی نسبت زیادہ خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔ شہری احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھیں۔ کرونا وبا میں سنگ دلی کا مظاہرہ کرنے والے پی ڈی ایم ٹولے کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔ ان عناصر نے عوام کی زندگیوں کو داؤپر لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ راجکماری، شہزادہ اور مولانا کی منفی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے۔ بہروپیوں کے اس ٹولے کو سینٹ الیکشن میں بھی منہ کی کھانا پڑے گی۔دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا عامرخان اور محمد وسیم پاکستان کے عظیم سپوت ہیں۔ جنہو ں نے اپنے کھیل سے پوری دنیا میں پاکستان کے سافٹ امیج کے لئے غیر معمولی کردار ادا کیا۔ ہر پاکستانی کو اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے پاکستانی سیاستدانو ں کے برعکس ملک کی عالمگیر شہرت اور نیک نامی کیلئے شاندار خدمات سرانجام دیں ہیں۔ وہ ایوان وزیراعلیٰ میں لاہور میں منعقدہ انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کے لئے آئے باکسر محمد وسیم، عامر خان اور ان کے ٹریننرز کے ساتھ گفتگوکر رہی تھیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ لاہور اور پنجاب اپنے عظیم سپوتوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔ ہمارے ان کھلاڑیوں نے دھرتی کا قرض چکانے کیلئے کھیلوں کی دنیا میں اپنا اور ملک عزیز کا نام بنایاہے۔ پاکستان کی65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو اپنے ان رول ماڈل کھلاڑیوں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پروردگار نے ہمارے نوجوانوں کو بے پناہ خداداد صلاحیتوں سے نوازا ہے اور مواقع کی کمی ہونے کے باوجود ہمارے نوجوانوں نے کھیل کے ہر میدان میں جھنڈے گاڑے ہیں۔