لاہور (نامہ نگار) ڈیفنس کے علاقے فیز فائیو میںشراب کے نشہ میں دھت لڑکی کی جانب سے پولیس اہلکار کو تھپڑ مارنے اور گالیاں دینے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک ریسٹورنٹ کے سامنے پولیس اہلکاروں کی جانب سے شراب کے نشے میں دھت لڑکی اور لڑکے کو روکنے پر لڑکی آپے سے باہر ہوگئی اور اہلکاروں کو تھپڑ اور دھکوں کے علاوہ غلیظ گالیاں دیں۔ وہاں موجود لوگ بھی خاموش تماشائی بنے رہے۔ جبکہ اس صورتحال میں پولیس اہلکاروں کے لیے جان چھڑانا مشکل ہو گیا۔ واقعہ کی ویڈیو بھی منظرعام پرآئی ہے۔ واقع کے بعد لڑکی اور لڑکا موقع سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ بعد ازں، ڈیفنس بی پولیس نے اپنی مدعیت میں ملزمہ کانزہ اور اس کے نامعلوم ساتھی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمے کے مطابق خاتون نجی ریسٹورنٹ انتظامیہ کے ساتھ بدتمیزی، گالم گلوچ اور لڑائی جھگڑاکر رہی تھی۔ اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر خاتون کو سمجھانے کی کوشش کی تو خاتون نے ملازمین کے ساتھ بدتمیزی، گالم گلوچ اور ہاتھا پائی شروع کردی اور تھپڑ مارے۔ پولیس اہلکار کی جیکٹ کھینچ کر اس کے بٹن توڑ دئیے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے لڑکی اور اس کا ساتھی ایک کار پر وہاں سے چلے گئے۔ پولیس کے مطابق لڑکی کانزہ عبدالرحمن، کینٹ کھاریاں گجرات کی رہائشی ہے۔ علاوہ ازیں سی سی پی او لاہور محمد عمرشیخ نے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی ڈیفنس سے رپورٹ طلب کر لی۔ صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنے پر اہلکاروں کا شاباش دیتے ہوئے کہا کانسٹیبل کو تشدد کا نشانہ بنانے والوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔