اقوام متحدہ اپنی گاڑیوں کو نشانہ بنانے پر بھارت کی سلامتی کونسل رکنیت معطل کرے: رحمان ملک

Dec 21, 2020

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) بھارت کی جانب سے جان بوجھ کر لائن آف کنٹرول پر اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ کی گاڑی کو نشانہ بنائے جانے پر سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چئیرمین سینیٹر رحمان ملک نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کی سکیورٹی کونسل کی رکنیت کو معطل کیا جائے۔ اتوار کو ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے اقوام متحدہ امن مشن پر حملہ پورے اقوم عالم پر حملہ ہے۔ افسوس کہ اس گھنائونے  جرم پر اقوام متحدہ نے ابھی تک بھارت کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ سینیٹر رحمان ملک  نے سکریٹری جنرل اقوام متحدہ سے اپیل ہے اس مجرمانہ فعل پر بھارت کی اقوام متحدہ کی رکنیت فوری معطل کر دیں۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ  اقوام متحدہ امن مشن پر حملہ پر بھارت کی  اقوام متحدہ  کی سکیورٹی کونسل کی رکنیت بھی ختم کی جائے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا  آئے روز بھارت جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا  بھارت مسلسل خلاف ورزیوں اور دوسرے ممالک میں مداخلت سے پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ سینٹر رحمان ملک نے مطالبہ کیا کہ  عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ بھارت کی جانب سے  مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور انسانیت کے خلاف جرائم کا نوٹس لے۔

مزیدخبریں