" یوم عقیلہ بنی ہاشم" آج عقیدت واحترام کیساتھ منایا جائیگا

اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق نواسی رسول دختر علی و بتول کربلا کی شیر دل خاتون حضرت سیدہ زینب سلام اللہ علیہاکے یوم ولادت پُرنور کی مناسبت سے سوموار5 جماد ی الاول کو ’’یوم عقیلہ بنی ہاشم‘‘  مذہبی و قومی جذبے اور عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائیگا ، یوم عقیلہ بنی ہاشم کمیٹی کے سیکرٹری سیدثمرالحسن نقوی کی صدارت میں انتظامات کوحتمی شکل دی گئی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیدثمرالحسن نقوی نے کہاکہ حق گوئی کا سلیقہ ہمیں کربلا والوں نے سکھایا ،دربار یزید میںنواسی رسول ؐکے دلیرانہ خطبات نے ملوکیت کے گھناؤنے چہرے پرپڑا نقاب اتار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بیشہ جرات و شجاعت شیر خد اکی شیربیٹی دختر بتو ل ؑ نواسی رسول حضرت زینب ؑاپنے عہد کی وہ با عظمت وبا فضیلت خاتون ہیں جو پروردہ الہام و وحی اور عالمہ غیر معلمہ اور فضل و شرف اور عصمت وطہارت میں ثانی زہراء کہلائیں۔اس کنیز خدا کی توقیر و عزت کا اندازہ اس بات سے لگائیںکہ جب آپ رات کے وقت مرقد پیغمبر اسلام ؐ کو تشریف لے جاتیں تو آپ کے دائیں بائیں حضرت امام حسن اور حضرت امام حسین ؑ اور علی ابن ابی طالب ؑ آگے آگے ہوتے اور جب روضہ پیغمبر اکرم ؐ پہنچتی تو چراغوں کو خاموش کر دیا جاتا ۔ اجلاس میں ایک قرار داد کے ذریعے مطالبہ کیاگیا کہ یوم عقیلہ بنی ہاشم کے موقع پرذرائع ابلاغ اسلام کی اس عظیم ہستی کی سیرت و کردار اجاگر کریں ۔

ای پیپر دی نیشن