اسلام آباد(نا مہ نگار)آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین نے بنی گالہ کے مقام پر حقوق کے لیے احتجاج کرنے والے اساتذہ پر پولیس کے تشدد پر شدید ردعمل کااظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ جمہوری معاشرے میں اظہار رائے پر پابندی اور قوم کے معماروں پر پولیس تشدد ناقابل قبول ہے، حکومت کی تعلیم دشمن پالیسیوں سے ملک بھر کے تعلیمی حلقوں میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے اور کہاہے کہ حکومت اپنے رویہ پر نظرثانی کرتے ہوئے اساتذہ کے جائز مطالبات تسلیم اور ملک میں تعلیم کو اہمیت دے۔اتوار کو یہاں سے جاری کردہ اپنے بیان میں ملک ابرار حسین کا کہنا تھا کہ بنی گالہ اساتذہ کے دھرنے پرآنسو گیس کا استعمال، تشدداوراساتذہ کی گرفتاریاں انتہائی قابل مذمت عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو شرم سے ڈوب مرنا چاہیے کہ قوم کے معماروں کے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ احتجاجی اساتذہ کے خلاف کاٹی گئی ایف آئی آرواپس لی جائے اور گرفتار قائدین واساتذہ کورہا کیا جائے۔کہتے ہیں کہ احتجاج ہر پاکستانی کا بنیادی آئینی حق ہے اور فروغ تعلیم کے معاملے میں حکومت کی تعلیم دشمن پالیسیاں قابل مذمت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کی بدقسمتی ہے کہ تعلیم ریاستی، حکومتی اور عوامی سطح پر کبھی بھی ہماری ترجیح نہیں رہی جسکے نتائج بھی ہم سب بھگت رہے ہیں۔