سی این جی اسٹیشنوں کی بندش کا فیصلہ غلط، پرزور مذمت کرتے ہیں، غیاث پراچہ

Dec 21, 2020

اسلام آباد(نا مہ نگار)آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے رہنمائوں خالد لطیف اور غیاث پراچہ نے کہا ہے کہ سی این جی اسٹیشنوں کی بندش کا فیصلہ غلط، پرزور مذمت کرتے ہیں۔ہزاروں کاروبار بند، لاکھوں بیروزگار ہو جائیں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ گیس کمپنیوں نے 19سے 23دسمبر، چار دنوں کیلئے سی این جی اسٹیشن بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔اس پر اے پی سی این جی اے کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا زوم پر ہنگامی اجلاس ہوا۔ جس کی صدارت  سنٹرل چیئرمین خالد لطیف، غیاث پراچہ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس نے گیس بندش کو بلا جواز قرار دیا۔ غیاث پراچہ نے کہا کہ جو سیکٹر پورے ریٹ پر گیس لیتا ہے اس کو بند کیا جارہا ہے اور جو رعایتی گیس لیتے ہیں ان کو سپلائی دی جارہی ہے یہ کیسی دانشمندی ہے۔ سی این جی سیکٹر پر ظلم نہ کیا جائے۔گذشتہ سال کی نسبت اس سال گیس کی سپلائی میں اضافہ ہوا ہے۔ سی این جی کی بندش سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوگا اور لاکھوں لوگ بیروزگار ہو جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ ہمارا پیٹرولیم منسٹر عمر ایوب اور مشیر پٹرولیم ندیم بابر صاحبان سے مطالبہ ہے کہ اس بحران  کے ذمہ داروں اور اس بحران کو دور کرنے میں رکاوٹ بننے والوں کے خلاف ایکشن لیا  جائے۔ اور سی این جی سیکٹر کے ساتھ ظلم بند کیا جائے۔

مزیدخبریں