سیاسی انتقام کی پاداش میں ملک کو تباہ کر دیا گیا، مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیاسی انتقام کی پاداش میں ملک کو تباہ کر دیا گیا۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ حکومت نااہل ہے اور وہ اداروں کو استعمال کر رہی ہے جبکہ سیاسی انتقام کی پاداش میں ملک کو تباہ کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کیا ملک میں مہنگائی ختم ہوئی ؟ کیا اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں کمی آئی ؟ ،ملک میں ڈاکہ ڈالنے سے مہنگائی ختم نہیں ہو گی، جب مافیاز حکومت چلائیں گے تو مہنگائی جاری رہے گی،حکومت نے حزب اختلاف کے خلاف کردار ادا کرنے کے علاوہ کیا ہی کیا ہے ؟۔انہوں نے کہا کہ تمام اداروں میں کارکردگی کو دیکھا جائے تو جواب نفی میں آئے گا۔ کیا ملک میں کوئی قرضہ نہیں لیا گیا ؟۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کاغذ لہرا کر کہتے ہیں یہ کارکردگی ہے ہم وزیر اعظم سے پوچھتے ہیں کہ کیا ملک کی بہتری کے لیے کچھ کیا گیا ؟۔رہنما مسلم لیگ ن نے وزیر اعظم سے استفسار کیا کہ ملک میں تعلیم، صحت، روزگار اور توانائی سے متعلق ایک بھی اچھا اقدام بتائیں ؟۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا تھا، کیا ڈھائی سال میں 25 لاکھ گھر دیئے، ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ پورا کیا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک میں کوئی ایک نیا منصوبہ تک شامل نہیں کیا، عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے کمیشن بنا دیئے جاتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن