اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر نے لاگوس، نائجیریا کا دورہ کیا اور جذبہ خیر سگالی کے طور پر فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ بندرگاہ آمد پر نائجیر ین بحریہ کے جہازوں، نائجیر یا میں پاکستان کے ہائی کمشنر، پاکستان کے دفاعی اتاشی اور نائجیرین بحریہ کے سینئر حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا استقبال کیا۔ بندرگاہ کے دورے کے دوران مشن کمانڈر نے پی این ایس عالمگیر کے کمانڈنگ آفیسر کے ہمراہ نائجیریا کے ویسٹرن نیوی کے کمانڈر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفت و شنید کے علاوہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف کی جانب سے نائجیریا کی عوام بالخصوص نائیجیریا کی بحریہ کے لئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ مشن کمانڈر نے پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر کے لاگوس کے دورے کے موقع پر نائجیرین حکام کی جانب سے فراہم کی جانے والی بھرپور حمایت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ پاکستان نیوی کی جانب سے جذبہ خیر سگالی اور انسانی ہمدردی کے تحت فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔ پاک بحریہ کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی خصوصی ٹیم نے 2500 سے زائد مریضوں کو طبی علاج اور ادویات فراہم کیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل میڈیکل سروسز (نیوی) سرجن ریئر ایڈمرل قمر الحق نور نے بھی میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا۔ میڈیکل کیمپ کے دوران COVID-19 ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا۔ پاک بحریہ کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کے قیام کو مقامی لوگوں نے خوب سراہا۔دورے کے اختتام پر پی این ایس عالمگیر نے نائجیرین بحریہ کے ہمراہ دو طرفہ بحری مشق کا انعقاد کیا جس سے دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔پی این ایس عالمگیر کا افریقی ممالک کا دورہ حکومت پاکستان کی افریقی ممالک سے متعلق پالیسی کا عکاس ہے جو دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی اور افریقی ممالک کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دے گا۔