پاکستان تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے پْرعزم:صدر مملکت

Dec 21, 2021


اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ترکمانستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ، دونوں ممالک کے درمیان اقوام متحدہ، ای سی او، شنگھائی تعاون تنظیم سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی فورم پر یکساں موقف کے علاوہ شاندار تعلقات ہیں۔ پاکستان تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے پْرعزم ہے۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے ترکمانستان کے وزیر خارجہ مردوف رشید اْویز گلدیووچ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو اْن سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ترکمانستان کے وزیر سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علاقائی روابط اور معاشی انضمام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو علاقائی روابط کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں ۔ ملاقات کے دوران تاپی پائپ لائن گیس منصوبے کی بروقت تکمیل کے عمل میں تیزی کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ کے تحت کمیٹی قائم کرنے کی تجویز دی گئی۔ صدر مملکت نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 17 ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر معزز مہمان کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اْمید ظاہر کی کہ اسلامی تعاون تنظیم کے ممالک کے اِس اجلاس سے افغانستان میں بڑھتے ہوئے بحران سے نمٹنے کیلئے عالمی تعاون حاصل کرنے میں کامیابی ہو گی۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں صورتحال کی سنگینی کا ادراک کرے اور اِس مشکل گھڑی میں مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بدترین معاشی اور انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے منجمد کی گئی رقم کو مزید منجمد نہ رکھا جائے۔صدر نے اپنے حالیہ دورہ ترکمانستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ترکمانستان کے صدر ساتھ بامعنی ملاقات کی اور فریقین نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ بروقت مکمل کرنے پر زور دیا تھا، ترکمانستان کے وزیر خارجہ نیترکمانستان  کے  صدر قربان علی بردی   محمد وف کی جانب سے نیک خواہشات  کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی کا ترکمانستان کا دورہ اْن کیلئے بڑی حمایت تھی جس سے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

مزیدخبریں