کراچی(کامرس رپورٹر)سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی (ایس ایم سی ایم سی) نے 10ملین ٹن کوئلے کی پیداوار کا سنگ میل کامیابی سے عبور کرلیا ہے۔ سندھ اینگروکول مائننگ کمپنی پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ میں توانائی کے شعبہ کی سب سے بڑی کمپنی ہے جس نے 3.8ملین ٹن سالانہ پیداواری گنجائش کے ساتھ جولائی 2019میں کمرشل آپریشنز کا آغاز کیا۔ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران ایس ای سی ایم سی نے کامیابی کے ساتھ 10ملین ٹن کوئلہ بازیافت کیا ہے جس نے کوئلے کے مقامی ذخائر سے بجلی پیدا کرکے پاکستان کے توانائی کے منظرنامہ کو بدلنے میں موثر کردار ادا کیا۔ ایس ای سی ایم سی کی کان سے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران نکلنے والے کوئلے سے 10ہزار گیگاواٹس سے زائد بجلی پیدا کی کرکے نیشنل گرڈ کو مہیا کی گئی۔ کمپنی نے کوئلے کی پیداوار اور مقامی کوئلے سے بجلی پیدا کرکے قومی معیشت کو درآمدات کا متبادل فراہم کرتے ہوئے 21کروڑ ڈالر کا فائدہ پہنچایا۔ ایس ای سی ایم سی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عامر اقبال کے مطابق 10ملین ٹن کوئلے کی پیداوار انٹرنیشنل مارکیٹ میں کوئلے کی قیمت میں بے یقینی اور مسلسل تبدیلی کے تناظر میں ایک قابل تعریف کامیابی ہے۔ انہوں نے تھر کا کوئلہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کرنے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کرنے والے انرجی مکس میں مقامی ذرائع کا حصہ بڑھاکر معیشت کو مضبوط بنانے میں معاون کردار ادا کررہا ہے۔ اس وقت ایس ای سی ایم سی کی کان کی توسیع کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے جس کی تکمیل سے کوئلے کی سالانہ پیداوار 7.6ملین ٹن تک پہنچ جائیگی جس سے 1320میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔
سندھ اینگرو کول مائننگ‘ 10ملین ٹن پیداوار کا سنگ میل عبور کرلیا
Dec 21, 2021