کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ تجربات کرکر کے ملک کا بیڑا غرق کر دیا گیا ہے۔ نواب شاہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت ہی ہے جو ملک کو چلا اور سنبھال سکتی ہے، تجربات کرکر کے ملک کا بیڑا غرق کر دیا گیا ہے، اس ملک پر جب بھی کوئی مصیبت آئی پیپلزپارٹی نے ہی اس کو سنبھالا ہے، ہم اب بھی تیار ہیں لیکن بات سیدھی ہے کہ پہلے ان حکمرانوں کی چھٹی کرو، پھر ہم سے بات کرو تو پھر ہم ملک سنبھالیں گے۔ مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے اور منی بجٹ پیش کیا جارہا ہے، غریب عوام سے جینے کا حق چھینا جا رہا ہے، ہم عوام کے مسائل سے آگاہ ہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ پرویز مشرف حکومت میں چینی اور آٹے کا بحران پیدا ہوا اور چینی و آٹا امپورٹ کیا جانے لگا تھا تو ہم نے اقتدار میں آکر ایک سال میں بحران ختم کیا اور ان اشیاء کو ایکسپورٹ کرنا شروع کیا، عوامی طاقت کے خلاف جو بھی آئے گا چاہے وہ سردار ہو میر ہو یا پیر، سب یاد رکھیں کہ ووٹ عوامی ووٹ ہمارا اور آنے والا وقت پیپلزپارٹی کا ہے۔ زرداری نے کہا ہے کہ زندگی موت کا کوئی بھروسہ نہیں ہے، کل نوابشاہ کے دورے پر نکلا تو مجھے ڈر تھا کہ کوئی انڈہ نہ دے مارے۔ جب بھی ملک پر مشکلات آئی پیپلز پارٹی نے ملک کا ساتھ دیا، سپر پاور نے کہا تم سپر پاور ہو لیکن میں نے تمام اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی مسائل سے ہم واقف ہیں، ملک کے تمام مسائل پیپلز پارٹی ہی حاصل کر سکتی ہے۔ پہلے دن ہی کہا تھا نیب چلے گی تو حکومت نہیں چلے گی، نیا پاکستان بنانا بہت آسان ہے لیکن پاکستان تحریک انصاف نے پرانے کا بھی بیڑا غرق کر دیا۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ کل نوابشاہ کے دورے پر نکلا تو مجھے ڈر تھا کہ کوئی انڈہ نہ دے مارے، زندگی موت کا کوئی بھروسہ نہیں ہے، اللہ قبر تک ایمان دے، میں جیل گیا تھا تو بتا کر جیل گیا تھا۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں روزگار دیا، اس حکومت میں لوگوں کے گھروں کے چولہے بجھ رہے ہیں، پندرہ سال آگے اور پندرہ سال پیچھے دیکھیں تو فرق نظر آجائے گا۔