کراچی(نیوز رپورٹر) سندھ کے وزیرِ بلدیات، دیہی ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید ناصر حسین شاہ نے کہاہے کہ پچھلے الیکشن کے مقابلے میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پیپلز پارٹی کے ووٹ بڑھ گئے ہیں، عوام چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کو پسند کررہے ہیں ،سندھ حکومت نے کراچی میں سب سے زیادہ ترقیاتی کام انڈر پاسز اور اوور ہیڈ برج تعمیر کئے ، پیپلز پارٹی کا جیالا ہی کراچی کا آئندہ میئر ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی، اے این پی، جماعت اسلامی، ایم کیو ایم ، ق لیگ، فنکشنل لیگ، جے یو آئی، اور دیگر تمام جماعتوں سے بلدیاتی قانون پر مشاورت کررہی ہے،شیر شاہ نالے کی تجاوزات سن 65 کی بات ہے تاہم سندھ حکومت اس کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس بریفنگ کے دوران اپنے ماتحت محکموں کی ترقیاتی اسکیموں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سید ناصرحسین شاہ نے بتایا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے احکامات پر محکمہ جاتی پروگریس کے حوالے سے پریس بریفنگ کے لئے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے تمام وزرا کو ہدایات دی ہیں،بلدیاتی اسناد کے اجرا کے نظام کو نادرا سے منسلک کردیا گیا ہے،ترقیاتی میگا اسکیمیں کراچی میں سب سے زیادہ ہیں، اس کے ساتھ ساتھ ترقیاتی اسکیمیں لاڑکانہ،حیدرآباد، شہید بے نظیر آباد اور دیگر ڈویژنوں میں بھی چل رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت نے کراچی میں متعدد ترقیاتی اسکیمیں مکمل کی ہیں اور انفرااسٹرکچر بہتر کیا ہے،سب سے زیادہ انڈر پاسز اور اوور ہیڈ برج کراچی میں تعمیر کئے گئے ییں،واٹر بورڈ کے ستر سال پرانے پمپنگ اسٹیشنز کو بہتر کیا گیا ہے،ایم ڈی اے اور ایل ڈی اے کی اسکیموں میں بھی بہتری لائی گئی ہے،ان اداروں کے زیر انتظام علاقوں میں یوٹیلیٹیز پہنچائی گئی ہیں،پانی، سیوریج ، انفرااسٹرکچر، گیس اور بجلی کی لائنوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبے کے شہروں میں قبرستانوں کے لئے شہر خموشاں کے نام سے اتھارٹی بنائی ہے جو قبرستانوں کی جگہ مختص کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی نے بھی سندھ حکومت کی اسکیموں میں بہت تعاون کیا ہے جس کا شکریہ ادا کرتا ہوں،حیدرآباد کے کچھ پلوں پر عدالتی امور کے سبب کام رکا ہوا تھا ان کو بھی شروع کرایا ہے،سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی ترقیاتی کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی قوانین میں بہتری لائی گئی ہے اور نئے بلدیاتی قوانین میں 2013 کے بلدیاتی قوانین کے مقابلے میں بہت بہتری لائی گئی ہے،بلدیاتی اداروں اور نمائندوں کو مزید بااختیار کیا گیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کیا کہ قوانین آسمانی صحیفہ نہیں ہیں ان میں مشاورت سے تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بلدیاتی قوانین دیگر تین صوبوں کے بلدیاتی قوانین سے بہتر ہیں،پھر بھی سندھ حکومت کے قوانین پر پوائنٹ اسکورنگ کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دیگر تین صوبوں میں ان کی حکومت ہے بتائیں کہ وہاں میئر کو کتنا اختیار دیا ہے؟ سندھ حکومت اتفاق رائے سے قانون سازی پر یقین رکھتی ہے اور ہم مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی، اے این پی، جماعت اسلامی، ایم کیو ایم ، ق لیگ، فنکشنل لیگ، جے یو آئی، اور دیگر تمام جماعتوں سے مشاورت کرتی رہی ہے اور یہ عمل جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کو روکنے کے لئے ضلعئی بنیادوں پر کمیٹیاں بنائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کے لیے ٹیکنالوجی کو استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شیر شاہ نالے کی تجاوزات سن 65 کی بات کی جارہی ہے تاہم سندھ حکومت اس کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے،نالوں سے تجاوزات ختم کرائی جارہی ہیں اور نالوں کے ساتھ حفاظتی دیوار بنائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض تجاوزات پر کارروائی کے دوران اسٹے آرڈر بھی آجاتا ہے،بلدیاتی اداروں کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور دیگر مراعات نہ ملنے کی شکایات تھیں اس لئے بہتری کے لئے ان پر سندھ حکومت نے بااختیار بنانے کے لئے اقدام کیا ہے،بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن کا اختیار ہے ۔سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات کے لئے مکمل طور پر تیار ہے،سندھ حکومت نے بارشوں کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے لئے ڈیم بنائے ہیں اور مزید بھی بنائیں گے، پچھلے الیکشن کے مقابلے میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پیپلز پارٹی کے ووٹ بڑھے ہیں،عوام چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کو پسند کررہے ہیں، انشا اللہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی دیگر اضلاع میں بھی پیپلز پارٹی کے نمائندے اکثریت حاصل کریں گے،انشا اللہ پیپلز پارٹی کا جیالا ہی کراچی کا آئندہ میئر ہوگا،انہوں نے کیا کہ تجاوزات کو ہٹانے کے عمل میں وہاں آباد لوگوں کا خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے کیا کہ شیر شاہ دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں رپورٹ آنے پر میڈیا سے شیئر کی جائے گی۔
پیپلز پارٹی کا جیالا ہی کراچی کا آئندہ میئر ہو گا، نا صر شاہ
Dec 21, 2021