کراچی(نیوز رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے چیئر مین آفاق احمد نے اپنی رہائشگاہ پر زونل کمیٹیوں کے ذمہ داران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جلسے کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا جس پر آفاق احمد نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام کارکنان کے عزم و حوصلے کو سرہایا اور شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ 26دسمبر کا جلسہ مہاجر اتحاد و یکجہتی کا بہترین نمونہ ثابت ہوگا،جس میں قوم کی مائیں، بہنیں، نوجوان اور بزرگ اپنی شرکت کو یقینی بنا کر ثابت کردینگے کہ مہاجر بھی دیگر قومیتوں کی طرح ایک متحد قوم ہیں،جنہیں منقسم یاکمزرو کا طعنہ دیکر انکے حقوق و وسائل پر غیر مقامی لوگوں کومسلط کرنے کی حکومتی پالیسیاں لوگوں میں دوریوں اور نفرتوں کو پر وان چڑھانے کا باعث بن رہی ہیں۔آفاق احمد نے کہا کہ چند افراد کی تقسیم کو قوم سے منسوب کرکے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ مہاجر قوم کمزور اور تقسیم ہو چکی، 26 دسمبر کو مہاجر قومی موومنٹ اس تاثر کو مٹانے جارہی ہے جس میں مہاجر قوم کی بھر پور شرکت مخالفین کی ہر ساز ش کا جواب ہوگا۔انہوں نے کہا کہ26دسمبر کے جلسے میں مہاجر قو م کی بھر پور شرکت مہاجر مخالف قوتوں کیلئے واضح پیغام ہوگا، کہ شخصیتں آتی اور جاتی رہتی ہیں لیکن پر عز م اور باحوصلہ قومیں سخت سے سخت حالات میں بھی اپنی تہذیب اور شناخت کی حفاظت کرنا بخوبی جانتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 26 دسمبرکو باغ جناح میں ہونے والے مہاجر قوم کے جلسہ عام کے ہینڈ بل کو جس عقیدت کے ساتھ ضلع سینٹرل کے عوام حاصل کررہے ہیں وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اب مہاجر نام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔آفاق احمد نے کہا کہ جس والہانہ انداز میں نارتھ کراچی اور فیڈرل بی ایریا سمیت دیگر علاقوں کے عوام نے مہاجر قومی موومنٹ کو خوش آمدید کہا اس پر ا نکا جتنا شکریہ اداکیا جائے کم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہاجر عوام 26 دسمبر بروز اتوار کوباغ جناح پہنچ کر اپنے اتحاد کا ثبوت دیں اور دنیا کو بتادیں کہ اب انہیں تقسیم کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔
چند افرادکی تقسیم پر قوم کو منقسم نہیں کہاجاسکتا،آفاق احمد
Dec 21, 2021