اسلام آباد(نا مہ نگار)فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کولوکل گورنمنٹ کے تحت کر نے کے فیصلے کے خلاف 23دسمبر کو پریس کلب تا پارلیمنٹ ہائوس تاریخی احتجاجی ریلی و دھرنے کا اعلان کر دیا ہے،پیر کوفیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی، وفاقی نظامت تعلیمات اسلام آباد کا اجلاس اسلام آباد ماڈل اسکول برائے طلبا، ایف۔ایٹ۔تھری میں اجلاس زیر صدارت فضل مولا ، چیئرمین ایکشن کمیٹی منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کولوکل گورنمنٹ کے تحت کر نے کے فیصلے کے خلاف 23دسمبر بروز جمعرات پریس کلب تا پارلیمنٹ ہائوس تاریخی احتجاجی ریلی و دھرنا ہو گا، وفاقی محکمہ تعلیم کے 423اداروں(فیڈرل، ماڈل اسکولز و کالجز)کے تمام ملازمین احتجاج میں شامل ہوں گے۔فیصلہ مشاورت اور کثرت رائے سے کیا گیا۔احتجاجی ریلی اور دھرنے میںسی ڈی اے یونین، تاجر برادری، علمائے کرام و دیگر تمام تنظیموں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ 16ہزار سیکڈ ملازمین کی بحالی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے انہیں بھی احتجاج میں شرکت کی دعوت گئی ہے،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فضل مولیٰ نے کہا کہ ہمارا احتجاج آئین و قانون کے دائرے میں پر امن ہو گا، ہم انتظامیہ و دیگر اداروں کو پیشگی اطلاع دیں گے۔متفقہ طور پر یہ طے کیا گیا کہ ہمیں کسی صورت بھی ایم سی آئی اور اس کی کوئی بھی شق قابل قبول نہیں ہے۔ ہم لوکل آرڈیننس 2021میں سے وفاقی محکمہ تعلیم سے متعلق تمام نکات سے مکمل طور پر نجات چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے جمہوری حق کو استعمال کرتے ہوئے آگاہی مہم کے سلسلہ میں والدین کے نام خط جاری ہو چکا ہے اس کا فیڈ بیک لے رہے ہیں ساتھ ساتھ ہر موثر سیاسی و سماجی شخصیات سے رابطہ کر کے اعتماد میں لیا جائے گا۔احتجاجی ریلی و دھرنے کی تفصیلی پلاننگ آئندہ ایکشن کمیٹی یا کور کمیٹی اجلاس میں کریں گے۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا 23دسمبر کو احتجاجی ریلی و دھرنے کا اعلان
Dec 21, 2021