100 فیصد سہولیات کھلی ہوئی ہیں اور صارفین کی خدمت کر رہی ہیں‘پال گریفتھس سی ای او دوبئی ایئرپورٹ
کورونا کی وبا آنے کے بعد پہلی مرتبہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔امارات کی سرکاری خبر ایجنسی وام کے مطابق ایئرپورٹ کے تمام ٹرمینلز، کنکورسز اور لاو¿نجز، ریستورانوں کے ساتھ مکمل طور پر فعال ہیں۔ہر سال کے آخر میں دبئی ایئرپورٹ پر مسافروں کا رش بڑھتا ہے جس میں نئے سال کا جشن منانے کے لیے تعطیلات پر آنے والے غیرملکی اور اماراتی سیاح بھی شامل ہیں۔اکتوبر کے دوران دبئی آنے والوں کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی تھی اور نومبر میں ہر ہفتے 10 لاکھ مسافروں کی آمد کے ساتھ ہی تعداد وبا سے پہلے کی سطح کے 94 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔ دبئی ایئرپورٹ کے سی ای او پال گریفتھس نے کہا کہ 100 فیصد سہولیات کھلی ہوئی ہیں اور صارفین کی خدمت کر رہی ہیں۔ گزشتہ 18 ماہ کے دوران مسافروں کی آمدورفت میں مسلسل اضافہ ہوا ہے جس میں حالیہ مہینوں میں بھرپور تیزی آئی ہے۔2021 کی پہلی ششماہی میں مسافروں کی آمد و رفت ایک کروڑ 6 لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔ اس کے بعد 2021 کی تیسری سہ ماہی میں زبردست تیزی اور اکتوبر 2021 میں اضافہ ہوا اور سال کے آغاز سے اب تک مسافروں کی تعداد 2 کروڑ 7 لاکھ تک پہنچ گئی۔سال کے آخر تک تعطیلات کے مصروف موسم میں مسافروں کی تعداد 2 کروڑ89 لاکھ تک پہنچنے کی توقع ہے جو ستمبر 2021 میں کی گئی پیشگوئی سے 21 لاکھ زیادہ ہے۔ پال گریفتھس نے مزید کہا کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بحالی کی شرح نسبتاً زیادہ بڑے ایئرپورٹس سے بڑھ گئی ہے۔ 2021 کے آخری چند ہفتوں کے دوران اس تعداد کے وبا سے پہلے کی سطح سے تجاوز کرنے کا امکان ہے جو کہ مکمل بحالی کی طرف ہمارے سفر میں ایک بہترین سنگ میل ہے۔