اسلامی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے پاکستان میں انعقاد سے دنیا میں ہماری ساکھ بہتر ہوئی ہے. وزیراعظم عمران خان

Dec 21, 2021 | 19:42

ویب ڈیسک

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے پاکستان میں انعقاد سے دنیا میں ہماری ساکھ بہتر ہوئی ہے، دنیا نے افغانستان کے حوالہ سے ہمارے مؤقف کی تائید کی ہے، قانون کی حکمرانی اور میرٹ کی بالادستی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، ہم نے اپنے ملک میں قانون کی حکمرانی کو فروغ دینا ہے، اپنے آپ پر یقین سے ہم ایک بار پھر 1960ء کی دہائی کی طرح تیزی سے ترقی کے سفر پر گامزن ہوں گے، ہمارے تین سالہ دور میں پاکستان کی ساکھ بہتر اور عالمی رویے تبدیل ہوئے۔

منگل کو وزیراعظم عمران خان نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا اور پاکستان میں افغانستان کی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزراء خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے کم وقت میں کامیاب انعقاد پر وزارت خارجہ کے سٹاف کو مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ آنے کا مقصد آپ کو مبارکباد دینا تھا جس طرح آپ نے انتہائی مختصر نوٹس میں او آئی سی کے اجلاس کو کامیاب بنایا، پاکستان میں طویل عرصہ بعد کوئی ایسا ایونٹ ہوا، اگر کسی اور ملک میں یہ ایونٹ ہوتا تو میں اس کو اتنا نہ سراہتا، یہ مشق آئندہ او آئی سی کے اجلاس کیلئے اہم ثابت ہو گی۔

مزیدخبریں