وزیراعلیٰ کا پنجاب کی جیلوں میں خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان، بھرتیاں سوفیصد میرٹ پر ہوں گی

Dec 21, 2021 | 20:26

ویب ڈیسک

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پریزن ریفارمز پیکیج پر عملدرآمد کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب کی جیلوں میں خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جیلوں میں خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل جلد شروع کیا جائے۔ بھرتیاں سو فیصد میرٹ پر ہوں گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جیلوں کے ہسپتالوں میں میڈیکل افسروں کی بھرتیاں جلد شروع کی جائیں۔جیلوں کے ہسپتالوں میں میڈیکل افسروں کو علیحدہ کیڈر میں تعینات کیا جائے گا اور میڈیکل افسروں کو خصوصی الائونس بھی دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پریزن ریفارمز پیکیج پر عملدرآمد مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں نے قیدیوں کو سہولتیں دینے پر کوئی توجہ نہیں دی اور قیدیوں کے ساتھ ماضی میں سوتیلی ماں جیسا سلوک ہوتا رہا۔ہماری حکومت نے قیدیوں کو ان کے بنیادی حقوق دینے کیلئے تاریخ ساز پریزن ریفارمز پیکیج دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قیدیوں کومعیاری کھانے کی فراہمی کیلئے 500 ملین روپے کی منظوری دے دی ہے۔اچھا کھانا قیدیوں کا حق ہے جو انہیں دیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جیل فائونڈیشن کے فنڈز کو قیدیوں کی فلاح وبہبود کیلئے استعمال میں لایا جائے اور اس ضمن میں جامع منصوبہ بندی کی جائے۔کنٹین پر قیدیوں کو مقرر کردہ نرخوں پر اشیاء کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ معمولی سزائوں کے قیدیوں کیلئے لیگل ایڈ کی فراہمی کا موثر طریقہ کار وضع کیا جائے۔ لیگل ایڈ کے ذریعے بے شمار قیدیوں کو ریلیف مل سکتا ہے۔جیلوں میں نئی بیرکس کی تعمیر کا کام مزید تیز کیا جائے اور قیدیوں کیلئے گرم پانی کی فراہمی کیلئے گیزر لگانے کے کام کو جلد مکمل کیا جائے۔ قیدیوں کیلئے ٹیلی فون کال کا دورانیہ بڑھانے کا جائزہ لیا جائے۔قیدیوں کو کام کے عوض اجرت کی ادائیگی کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق کیا جائے۔جیلوں میں مختلف بیرکس میں بند رشتے دار قیدیوں کی ملاقات کرانے کے حوالے سے جامع لائحہ عمل بنایا جائے اور اس حوالے سے رشوت لینے کی شکایات کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو ضروری اشیاء کی فراہمی کے حوالے سے کسی قسم کا شکایت نہیں ہونی چاہیئے۔اس ضمن میں پیسے لینے کی شکایت پر فوری ایکشن ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میں 15 روز بعد اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لوں گا۔انہوں نے کہا کہ پریزن اینڈ پریزنر ایکٹ 2021 کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔پروبیشن اینڈ پیرول ایکٹ 2021 کا مسودہ بھی جلد حتمی منظوری کیلئے کابینہ کو پیش کیا جائے گا۔ جیونائل جسٹس سسٹم رولز 2021 کا مسودہ بھی تیار کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں پریزن کمپلیکس بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دور میں قیدیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے تاریخ ساز اقدامات کئے گئے ہیں اور جیل کے عملے کی اپ گریڈیشن کے ساتھ انہیں ضروری سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ سابق دور میں پریزن ریفارمز کے حوالے سے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جیلوں میں ٹی وی کیبل نیٹ ورکنگ کے ذریعے قیدیوں کو 8 سے 40 چینل دیکھنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔29 جیلوں میں ٹی وی کیبل نیٹ ورکنگ مکمل ہو چکی ہے۔جیلوں میں 250 نئے واش رومز اور 2889 واش رومز کی تعمیر و مرمت کی جا چکی ہے۔قیدیو ں کو گھروں سے میٹرس اور تکیئے منگوانے کی اجازت دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ سینٹرل جیل میانوالی، سینٹرل جیل فیصل آباد اور سینٹرل جیل ڈیرہ غازی خان کو سولر پر منتقل کیا رہا ہے اور اس مقصد کیلئے 150 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔ ہر ماہ جیلوں میں 2 بار میڈیکل کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔9 جیلوں میں اضافی بیرکس بنائی جا رہی ہیں۔انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات نے پریزن ریفارمز پیکیج کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات واعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی.

مزیدخبریں