اسلام آباد(نا مہ نگار) مختلف سرکاری ملازمین اور اساتذہ نے کیو بلاک پاک سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا اور حکومت سے ملازمین کی تنخواہوں میں بڑھتے ہوئے فرق کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ یہ احتجاج آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے زیر اہتمام کیا گیا۔ فیڈرل گورنمنٹ کالج ٹیچرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی اس احتجاج میں بھرپور شرکت کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔کالج ایسوسی ایشن کے رہنما پروفیسر جاوید اقبال گوندل نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے عام سرکاری ملازمین بشمول اساتذہ کو نظر انداز کرتے ہوئے مخصوص سرکاری افسران کو 150فیصد ایگزیکٹو الانس دیا ہے۔ اس سے مراعات یافتہ اور غیر مراعات یافتہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت بہت بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ غیر مراعات یافتہ سرکاری ملازمین اور اساتذہ کو بھی یہی الانس دیا جائے۔
احتجاجی دھرنا