تین صفر سے شکست پر رونے کودل چاہ رہا ہے:ثقلین مشتاق


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ انگلینڈ سے تین صفر سے شکست پر مجھے بھی دکھ ہے، کونے میں جاکر رونے کودل چاہ رہا ہے۔تین صفر کو دیکھیں گے تو کافی دکھ ہوگا، سیریز کو سیشن بائی سیشن ڈی کوڈ کریں تو لگے گا کہ ہم نے اچھا کھیلا، سیریز کے دو میچز میں ہم جیت کی طرف جارہے تھے۔ابتدائی دو میچز میں دونوں ٹیمیں ہم پلہ رہیں، دوسرے ٹیسٹ میں سعود شکیل کے آئوٹ پر ہر کسی نے کہا وہ آئوٹ نہیں تھا، اس کے علاوہ ہم ملتان میں کنٹرول میں تھے، بہانہ نہیں بنارہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے انگلینڈ زیادہ تجربہ کار ٹیم ہے۔ تجربہ کار ٹیم کیخلاف  نوجوان ٹیم کو کھلایا تھا،سیریز سے قبل یہی سوچا تھا کہ ورلڈ ٹیسٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرنا ہے، سعود شکیل اور ابرار کی کارکردگی سیریز کے مثبت پہلو ہیں۔ شکست سے سیکھنا ہوگا۔ ٹیسٹ سیریز کیلئے آپ کو ٹیکنیکلی مضبوط ہونا پڑتا ہے۔  ہر پہلوپر کام کرنا ہوگا، راتوں رات تو نہیں ہوگا لیکن محنت کرنا ہوگی، انگلینڈ نے اس انداز کو اپنانے سے قبل پوری ورکنگ کی ہے۔
،  پہلے سب نے مل کر سوچا ہوگا کہ کیسی کرکٹ کھیلنی پھر یہ انداز اپنایا۔ اس ٹیسٹ سیریز میں جب ہم نے کنٹرول کیا تو وہ بھی روایتی انداز میں واپس آئے، ہم ون ڈے ٹی ٹونٹی کھیلتے ہوئے اس ٹیسٹ سیریز میں آئے ہیں۔تنقید ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے، پرسنل نہ ہو، غلطیوں کی نشاندہی ضرور کریں، ٹیم پر جو تنقید ہورہی ہے اس پر ڈریسنگ روم میں بات نہیں ہورہی۔ ابرار نے اچھی کارکردگی دکھائی لیکن اسے اور محنت کرنا ہوگی، دنیا ہر چیز پر کام کرتی رہتی ہے، ابرار کو بھی ہر بار بہتر ہونا پڑیگا۔
ابرار اگر اس پرفارمنس پر ہی مطمئن ہوگیا تو اس کا سفر رک جائیگا۔

ای پیپر دی نیشن