کراچی(نیوز رپورٹر)انسٹی ٹیوٹ آف انوائرمینٹل اسٹڈیز جامعہ کراچی کے سابق پروفیسر ڈاکٹر ظفراقبال شمس نے کہا کہ کلائمٹ رسک انڈیکس کے مطابق دنیا کے 180 ممالک میں سے ماحولیاتی تبدیلی سے سب زیادہ متاثرہ ممالک میں پاکستان کا آٹھواں نمبرہے۔پورٹوریکو ماحولیاتی تغیرا ت کی وجہ سے دنیا کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جبکہ قطر دنیا کا سب سے کم متاثرہ ملک ہے۔ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان کو حالیہ سیلاب سے 10 ارب ڈالرز کا نقصان پہنچاہے جبکہ 20 لاکھ گھر پانی میں بہہ گئے ہیں اور 33 ملین لوگ اس سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر محمد اجمل خان انسٹی ٹیوٹ آف سسٹین ایبل ہیلوفائٹ یوٹیلائزیشن جامعہ کراچی کے زیر اہتمام انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ محمد اجمل خان میموریل لیکچر سیریز بعنوان: ’’گلوبل وارمنگ،اس کی وجوہات، مضمرات اور کنٹرول‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر شمس نے مزید کہا کہ مصر میں ہونے والی حالیہ کانفرنس میں اس بات پرزوردیاگیا کہ 2030 تک گرین ہائوس گیسز کے اخراج میں 45 فیصد کمی لائی جائے گی تاکہ دنیا کا ٹمپریچر 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز نہ کرسکے۔کانفرنس میں اس بات پر بھی زوردیاگیا کہ تمام ممالک ماحول دوست توانائی کی طرف گامزن ہو نے کو یقینی بنائیں اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میںبتدر یج کمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں۔کانفرنس میں جی سیون ممالک اور 20سب سے زیادہ متاثر ہ ممالک نے 200 ملین ڈالرز کی امداد کا اعلان کیا جس سے پاکستان استفادہ کرسکتاہے۔