عقلمند وہی جو دنیا میںہی آخرت کی تیاری کرلے، حاجی اطہر عطاری

کراچی(نیوز رپورٹر)دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ  کے رکن  حاجی محمد اطہر عطاری نے کہا ہے کہ یہ دن اور رات کا آنا جانا ہمیں  پیغام فنا  دے رہا ہے ،ہر روز سورج غروب ہونے کیلئے نکلتا ہے، ہر رات ستارے چھپ جانے کیلئے روشن ہوتے ہیں ، جلد ہی وہ وقت آنے والا ہے ،جب سورج تو نکلے گا مگر ہم اس سورج کو دیکھنے کیلئے دنیا میں موجود نہیں ہوں گے ، رات تو آئے گی مگر اس رات ہمارے لئے نرم بستر نہیں بچھایا جائے گا بلکہ ہم قبر میں مٹی پر لیٹے ہوں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے عثمانیہ مسجد عبداللہ گوٹھ کراچی میں منعقد ہونے والے سنتوں بھرے اجتماع میں بیان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات سچ ہے کہ ہمیں دنیاوی فکروں نے ایسا جکڑا ہوا ہے کہ فکر آخرت کا وقت نہیں ملتا ، ہر وقت بس دنیا کی فکر ہے ،جنت کمانے ،آخرت بہتر بنانے اور قبر میں روشنی کا سامان کرنے کا تو خیال ہی نہیں آتا ، غور کریں کہ یہ دنیا کتنی دیر کی ہے ،کیا معلوم یہ رات ہماری زندگی کی آخری رات ہو ،کیا معلوم ،اگلے ہی لمحے حضرت ملک الموت تشریف لے آئیں اور ہمیں کل کا سورج دیکھنا نصیب نہ ہو۔حاجی محمد اطہر عطاری نے کہا کہ اگرچہ ہم سوسال کی زندگی گزارلیں لیکن آخر ایک نہ ایک دن تو مرنا ہی ہے،اس دنیا کو چھوڑنا اورجو کمایا یہیں چھوڑ کر قبر میں اترنا اور ا پنی کرنی کا پھل بھگتنا ہی پڑے گا یقینااچھا ،سمجھداراور عقل مند شخص وہی ہے جو غفلت کی چادر اتارے اور قبر وآخرت کی تیاری میں مصروف ہوجائے ۔ انہوں نے کہا یہ حقیقت ہے کہ ہماری ایک ایک سانس قیمتی ہے ،ایک ایک لمحہ انمو ل ہے ،عقل مند وہی ہے جو اپنے دن اور رات نہایت ا حتیاط کے ساتھ،سوچ سمجھ کر گزارے ، اللہ پاک نے یہ دن رات اس لئے نہیں بنائے کہ ہم رات بھر بس غافل سوئے رہیں اور دن کے وقت بھی بس دنیا کی فکر میں لگے رہیں ،یہ دن رات ،ہماری یہ سانسیں، اللہ پاک کی دی ہوئی اربوں کھربوں نعمتیں ،یہ زندگی ،اللہ پا ک کی عبادت کرنے ،ذکر و فکر میں مصروف رہنے اور موت کے بعد والی ہمیشہ کی زندگی کی تیاری کرنے کیلئے ہیں ۔حاجی محمداطہر عطاری نے کہا کہ اللہ پاک ہمیں فکر آخرت نصیب فرمائے ،ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے دن رات کا ایک جدول بنائیں جس میں دنیا کے جائز اور ضروری کام ہوں اور اس کے ساتھ دن اور رات کا ایک بڑا حصہ آخرت اور نیک کاموں کیلئے رکھیں،عقل مند وہ ہے جو اپنے اعمال کا محاسبہ کرے اور موت کے بعدوالی زندگی کیلئے عمل کرے ۔

ای پیپر دی نیشن