اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ وقائع نگار) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے توشہ خانہ اور 190 ملین پائونڈز کیسز میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 27 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے توشہ خانہ ریفرنس کی نقول فراہمی کیلئے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو نوٹس جاری کردیے۔ گذشتہ روز اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران وکلا صفائی لطیف کھوسہ اور دیگر کے علاوہ نیب پراسیکیوٹرز عدالت پیش ہوئے۔ دوران سماعت توشہ خانہ ریفرنس میں بھی بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کردی گئی جس پر عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 27 دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔ دوران سماعت عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کیلئے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ دریں اثناء عمران خان نے سائفر کیس کی ان کیمرا سماعت کا ٹرائل کورٹ کا حکم چیلنج کردیا۔ بانی پی ٹی آئی کی طرف سے بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ سائفر عدالت کا 14 دسمبرکا حکم نامہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 21 نومبر کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے اپنے حکم میں سائفر کیس کی رپورٹنگ پر بھی پابندی عائد کردی جو خلاف آئین ہے۔ ٹرائل کورٹ کا 14دسمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور اس درخواست کے فیصلے تک ٹرائل کورٹ کو مزید کارروائی سے روکا جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں ٹرائل کورٹ کے آرڈر کے خلاف بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیا۔ عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کو فرد جرم عائد کرنے کے عدالتی حکمنامے کے خلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کر دی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے ریمارکس دیئے اتھارٹیز ایسا مٹیریل پیش کر سکتی ہیں جن کی بنیاد پر ملزمان کا جیل ٹرائل کیا جا سکتا ہے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے سائفر کیس میں ٹرائل کورٹ کے مختلف آرڈرز کے خلاف بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستوں پر سماعت کی۔ سائفر کیس کا ٹرائل غیر قانونی قرار دے کر مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کی استدعا پر عدالت نے کہا کہ آپ اپنے آپ کو ٹرائل کورٹ کے عبوری حکم کے خلاف استدعا تک محدود رکھیں۔ عدالت نے درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 28 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مرید عباس نے بانی پی ٹی آئی کیخلاف خاتون جج کو دھمکیاں دینے کے کیس میں سینئر وکیل کی عدم دستیابی کے باعث کیس کی سماعت 27 جنوری تک ملتوی کردی ہے ۔