کراچی (کامرس رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 900 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 18 ہزار 500 روپے ہوگئی ہے جبکہ 10 گرام سونا 771 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 87 ہزار 328 کا ہوگیا ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز رواں سال کا سب سے بڑا مندا دیکھنے کو ملا۔ سٹاک مارکیٹ 63ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرنے کے بعد ایک بار پھر مندی کا شکار ہو گئی اور کے ایس ای 100انڈیکس مزید 350سے زائد پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 62800پوائنٹس سے کم ہو کر62400پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہوا۔ کاروباری مندی سے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 65 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے جبکہ67.95فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کے روز کاروبار کا آغاز تیزی کیساتھ ہوا اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 63200پوائنٹس کی بالائی حد بھی عبور کر گیا تھا تاہم بروکریج ہاؤسز اور مقامی انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے منافع کی خاطر بعض سٹاکٹس میں فروخت کے دباؤ سے مارکیٹ تنزلی کا شکار ہو گئی اور مندی کا یہ سلسلہ کاروبار کے اختتام تک دیکھا گیا۔ انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر مستحکم رہی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر مہنگا ہو گیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز انٹر بنک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر283روپے پر برقرار رہی تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر25پیسے کے اضافے سے284.25روپے سے بڑھ کر 284.50 روپے پر جا پہنچی۔
سونا تولہ 900 روپے، ڈالر 25 پیسے مہنگا: سٹاک مارکیٹ میں سال کا سب سے بڑا مندا
Dec 21, 2023