نیویارک (نوائے وقت رپورٹ) امریکا کی سیاسی تاریخ میں نئی تاریخ رقم ہو گئی اور ریاست کولوراڈو کی عدالت نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو الیکشن کے لیے نااہل قرار دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ کیپٹل ہل پر حملے میں ملوث ہونے کی وجہ سے ٹرمپ امیدوار بننے کے اہل نہیں، عدالتی فیصلے کا اطلاق صرف کولوراڈو پر ہوگا۔ کولوراڈو کی سپریم کورٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی الیکشن کی پرائمری کے لیے نااہل قرار دیا۔ ریاست کولوراڈو میں ریاستی پرائمری انتخابات 5 مارچ 2024 کو ہونا ہے۔ امریکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی عدالت نے صدارتی امیدوار کو 1868ء کی شق کے تحت نااہل قرار دیا ہو۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے ترجمان نے فیصلے کو 'غیر جمہوری' قرار دیتے ہوئے فیصلے کے خلاف امریکی سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کا اعلان کر دیا۔ عدالت نے بغاوت میں ملوث افراد کو عہدہ سنبھالنے سے روکنے کی شق کے تحت 2024ء کے صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے نااہل قرار دیا۔
کیپٹل ہل حملہ کیس: ٹرمپ نااہل، امریکی عدالت نے صدارتی امیدوار کیخلاف فیصلہ دیکر تاریخ رقم کر دی
Dec 21, 2023