پی ٹی آئی امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے جا رہے ہیں: بیرسٹر گوہر

Dec 21, 2023

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہمارے امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے جا رہے ہیں۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں شاہ محمود قریشی کے سیکرٹری سے ان کے کاغذات نامزدگی چھینے گئے۔ اگر لوگوں سے کاغذات نامزدگی چھینے گئے تو صاف و شفاف الیکشن کا تاثر ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے کل کاغذات نامزدگی دستخط کرائیں گے۔ مجھے آج جیل میں سادہ کاغذ لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ الیکشن کمیشن یقینی بنائے کہ الیکشن صاف و شفاف ہوں گے۔ بانی پی ٹی آئی میانوالی، لاہور اور اسلام آباد سے الیکشن لڑیں گے۔ بیرسٹر گوہر خان نے کہا  کہ نواز شریف امپائر کے ساتھ ہمیشہ مل کر کھیلتے ہیں، اس بار ہمارے امیدواروں کو میدان میں ہی اترنے نہیں دیا جارہا۔ ہمارا ہمیشہ مطالبہ رہا ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں۔ ہم نہیں چاہتے کہ اس وقت الیکشن کمشنر کو ہٹایا جائے نہ ہمارا یہ مطالبہ ہے۔ ہمیں خدشہ ہے کہ اگر ہمارے لوگوں کو روکا گیا تو حالات خراب ہو جائیں گے۔ ہم نہیں چاہتے حالات خراب ہوں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ٹکٹوں کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت چل رہی ہے، اس میں مزید وقت بھی لگ سکتا ہے۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کچھ پیغامات عوام تک پہنچانے کی ہدایت کی۔ بیرسٹر علی ظفر کے مطابق ہم الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ الیکشن سے ہی ملک میں استحکام ممکن ہے۔ اگر پی ٹی آئی کو بلے کو نشان نہ دیا گیا اس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے گا۔ الیکشن کمیشن سے استدعا ہے کہ پی ٹی آئی کے انتخابی نشان پر فیصلہ کیا جائے۔ توشہ خانہ کیس کا فیصلہ بھی اسلام آباد ہائی کورٹ سے جلد آنا ہے۔ امید ہے ہمیں عدالتوں سے انصاف ملے گا۔

مزیدخبریں