عمران ریاستی فرمان کی وجہ سے جیل میں نہیں، جلاؤ گھیراؤ کے نتائج بھگتنا پڑیں گے: وزیراعظم

اسلام آباد؍ صوابی (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کسی شاہی فرمان کی وجہ سے جیل میں نہیں بلکہ اگر کوئی جلاؤ گھیراؤ کرے گا تو اسے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ صوابی میں غلام خان انسٹیٹیوٹ کے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم نے کہا کہ خصوصی کچھ لوگ سیاسی رویوں پر بات نہیں کرتے، سیاسی احتجاج چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سوال غلط ہے کہ ریاستی اقدامات کیوں اٹھائے گئے کیونکہ ریاست کا نظام آئین اور قانون کے مطابق چلتا ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اگر آپ مقبول لیڈر کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں تو یہ آپ کا حق ہے لیکن معاشرے کے مختلف طبقوں میں تصادم غلط ہے۔ ملک میں عام انتخابات 8فروری کو ہوں گے کیونکہ ملک میں امن اور استحکام ہماری اولین ترجیح ہے۔ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف ریاست آئین اور قانون کے مطابق اقدام اٹھاتی ہے کیونکہ ریاستی اداروں پر حملہ کسی بھی ملک میں جرم ہے۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے میرے دل کے قریب ہیں۔ تسخیر اور دریافت پر توانائی صرف کرنی چاہیے۔ دنیا میں ٹیکنالوجی کی ہی مدد سے ترقی ممکن ہوئی۔ ان لوگوں کی بہت تعریف کرتا ہوں جنہوں نے اس انسٹی ٹیوٹ کا تصور پیش کیا، خواہش ہے کہ ملک بھر میں غلام اسحٰق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے کیمپس ہوں۔  انہوں نے کہا کہ دنیا میں  ٹیکنالوجی کی وجہ سے ہی ترقی ممکن ہوئی۔  انہوں نے کہا کہ  کائنات  کوئی  ایسی چیز نہیں ہے جو ایک دم ختم ہو جائے، اس میں تخلیق کا عمل جاری  رہتا ہے۔ انہوں نے  کہا کہ تعلیمی اداروں میں   فیکلٹی کی اہمیت  بہت زیادہ ہے، ان اداروں میں زیر تعلیم  ہماری نوجوان نسل  مستقبل کی قیادت ہے۔ دریں اثناء نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے گرلز ہاسٹل کا افتتاح کردیا۔ غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے ہاسٹل میں 91کمرے ہیں جن میں 180 طالبات کی رہائش کی گنجائش موجود ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر انسٹیٹیوٹ کے لان میں یادگاری پودا بھی لگایا۔ علاوہ ازیں  انوار الحق کاکڑ نے کالعدم بلوچ قوم پرست تنظیم کے سربراہ سرفراز بنگلزئی کے اپنے ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈالنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان اور بلوچستان کیلئے خوش آئند قرار دیا ہے۔ ایکس ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نگران وزیراعظم نے کہا ہے کہ سرفراز بنگلزئی عرف مرید بلوچ (بلوچ نیشنلسٹ) آرمی کے سربراہ کا اپنے ساتھیوں اور خاندان کے افراد کے ہمراہ ہتھیار ڈالنا پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کیلئے خوش آئند ہے۔

ای پیپر دی نیشن