کوئٹہ( نوائے وقت رپورٹ ) کالعدم بلوچ نیشنل آرمی ( بی این اے) کے کمانڈر سرفراز بنگلزئی نے 70 ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈالر قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔ کوئٹہ میں نگران وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کے ساتھ پریس کانفرنس میں بی این اے کے سابق کمانڈر سرفراز بنگلزئی نے انکشاف کیا کہ بلوچستان کا امن تباہ کرنے کے لیے بھارت فنڈنگ کرتا ہے ،منشیات فروشی،لوگوں کو اغوا بھی کیا جاتا ہے۔سابق کمانڈر کالعدم تنظیم سرفراز بنگلزئی نے کہا کہ کچھ لوگ مذموم مقاصد کے لیے بلوچ ماؤں، بہنوں اور بلوچ نوجوانوں کو ریاست کیخلاف استعمال کر رہے ہیں، جنگ میں خواتین کو بھی دھکیلا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے لوگوں اور اپنی سرزمین سے دور رہنے پر پچھتانے کے سوا کچھ نہیں، یہاں آکر خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ باقی لوگ بھی اس انتظار میں ہیں کہ ریاست ان کو ویلکم کہے۔سرفراز بنگلزئی کا کہنا تھا کہ نقصانات کافی ہوئے ہیں، والدین کو بھی پیغام ہے بچوں کو ایسے ماحول سے دور رکھیں، بندوق مسئلے کا حل نہیں، والدین بچوں کو تعلیم دیں۔ بی این اے سابق کمانڈر سرفراز بنگلزئی نے کہا کہ بھارت سے پیسے لیکر اپنے ہی لوگوں کا خون بہایا جارہا ہے، مذموم مقاصد کیلئے خواتین کا استعمال کیا جارہا ہے تاکہ نوجواںوں میں جذبہ پیدا ہو ۔انہوں نے کہا کہ بلوچوں کے ہاتھوں بلوچوں کا خون کروایا گیا، 2014ء میں صرف ایک ضلع آواران میں 155 بے گناہ اور معصوم بلوچوں کو قتل کیا گیا کیونکہ انہوں نے بھتہ دینے سے انکار کیا تھا، 20 سال میں ہزاروں بلوچ نوجوانوں کو قتل کیا گیا، 15 سال تک میں نے جو کیا پچھتاوے کے سوا میرے پاس کچھ نہیں، اس لڑائی میں جاں بحق بلوچوں کے لواحقین دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں اور کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔اس موقع پر نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ بی این اے کے کمانڈر 70 ساتھیوں سمیت قومی دھارے میں شامل ہوئے ہیں، بغاوت چھوڑ کر واپس آنے والوں کو ریاست خوش آمدید کہے گی۔نگران وزیر اطلاعات بلوچستان نے کہا کہ غلط فہمیاں اور دوریاں ختم ہونی چاہئیں، پاکستان کی ترقی کا راستہ بلوچستان سے جاتا ہے۔