لاہور (مانیٹرنگ نیوز+ آن لائن) گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے کہا ہے کہ صدر آصف زرداری نے ججوں کے معاملے پر فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے لہٰذا اب عدلیہ انصاف پر توجہ دے ٹریڈ یونین نہ بنائے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا عدلیہ کیسز پر توجہ دے‘ دیگر اداروں کے معاملات میں مداخلت نہ کرے۔ انہوں نے کہاکہ صدر نے ججوں کی تعیناتی پر بڑی فراخدلی کا مظاہرہ کیا لہٰذا اب سب لوگوں کی یہ خواہش ہے کہ جج عدالتوں کی طرف توجہ دیں سیاست اور ٹریڈ یونین کی طرف توجہ نہ دیں۔ اس وقت ہائیکورٹ پنجاب اور باقی عدالتوں میں ایک لاکھ مقدمات زیر التواءہیں ان کو نمٹائیں حکومتی کاموں میں مداخلت نہ کریں پنجاب حکومت نے 2 سال تک ناظموں کو ان کے کاموں سے روکے رکھا‘ ان کو کوئی کام نہیں کرنے دیاگیا۔ بسنت کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ میں تو حیران ہوتا ہوں کہ ہزاروں بچوں اور بڑوں کو بسنت منانے کے الزام میں گرفتار کیا جارہاہے جو لوگ ناجائز بلڈنگ بنا رہے ہیں وہ ان کے قابو میں نہیں آتے‘ شیخ رشید پر حملہ کرنے والے گرفتار نہیں ہوسکتے‘ ساری توجہ بسنت پر مرکوز کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا میں تو ساری زندگی بسنت مناﺅں گا مجھے دھمکیاں دیں یا گرفتار کریں مجھے کوئی پرواہ نہیں۔ لاہور میں ہارس اینڈ کیٹل شو کو ازسرنو شروع کراﺅنگا۔ لاہور میں ہونےوالے فیشن شو بڑی اچھی بات ہے اس سے ہم دیگر عالمی برادری کی ثقافت سے بھی ہم آہنگ ہوسکیںگے۔