”چشمہ جہلم لنک کینال تنازع“ پنجاب اور سندھ میں مذاکرات بے نتیجہ ختم

Feb 21, 2010

سفیر یاؤ جنگ
کراچی + لاہور (وقائع نگار + ریڈیو نیوز + نیوز رپورٹر + ایجنسیاں) چشمہ جہلم لنک کینال پر سندھ اور پنجاب کے وفود کے درمیان کراچی میں ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ رہے‘ باخبر ذرائع کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے پنجاب کی سیاسی قیادت اور آبی ماہرین پر واضح کر دیا گیا کہ چشمہ جہلم لنک کینال پر پاور پراجیکٹ سندھ دشمن منصوبہ ہے اسے فوری طور پر ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند کر دیا جائے جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ نے پنجاب سے درخواست کی ہے کہ جہلم لنک کینال فوری بند کر کے سندھ کو پانی دیا جائے ورنہ سندھ میں ربیع کی فصل تباہ ہو جائے گی۔ جس پر ذوالفقار کھوسہ اور راجہ ریاض نے انہیں پانی کے اجرا کی یقین دہانی کرائی۔ ادھر نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں صوبوں کے درمیان مذاکرات میں کوئی بریک تھرو نہیں ہو سکا۔ وزیر اعلیٰ ہاوس کراچی میں گذشہ روز منعقدہ اجلاس میں سندھ کے وزیر آبپاشی مراد علی‘ سیکرٹری آبپاشی شجاع جونیجو سمیت دیگر حکام جبکہ پنجاب کی طرف سے سردار ذوالفقار کھوسہ کی سربراہی میں سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض‘ چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر حکام پر مشتمل وفد نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ ہاوس سندھ کے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پانی کے مسائل کے ضمن میں لاہور میں ایک اجلاس ہو گا جس میں 1991ءکے پانی کے معاہدے کے تحت معاملات پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کی دعوت پر سندھ حکومت کی تکنیکی کمیٹی پیر یا منگل کو لاہور روانہ ہو گی۔ سردار ذوالفقار علی کھوسہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی معاملات پر بات ہوئی‘ پانی کے حوالے سے تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل کر لیں گے۔ سینئر صوبائی وزیرراجہ ریاض نے کہا ہے کہ پنجاب اور سندھ نے آئندہ پانی کا مسئلہ ارسا کی بجائے سیاسی مشاورت سے حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ اس سلسلے میں جلد سندھ کا وفد پنجاب کا دورہ کرے گا۔
مزیدخبریں