ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے کینیا، سری لنکا نے کینیڈا کو شکست دیدی

Feb 21, 2011

سفیر یاؤ جنگ
چنائی (آئی این پی+آن لائن) آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے کینیا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دیدی، ہمیش بینٹ کو شاندار باﺅلنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ چدم برم کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کینیا کے کپتان جے کے کمانڈے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اچھا ثابت نہ ہوا اور پوری ٹیم 23.5 اوورز میں 69 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی۔ کینیا کی پہلی وکٹ 14 کے سکور پر گری جب اوبنڈا 6 رنز بنا کر ٹموتھی ساﺅتھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے۔ دوسرے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی واٹرز تھے جو 40 کے مجموعی سکور پر 16 رنز بنا کر ہمیش بینٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ 42 کے سکور پر ٹکولو 2 رنز بنا کر ہمیش بینٹ کا ہی شکار ہوئے۔ ٹوبویا 44 کے مجموعی سکور پر 2 رنز بنا کر ہمیش بینٹ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ کمانڈے 2 رنز بناکر جیک اورم کا شکار ہوئے 63 کے سکور پر اوڈویو 2 رن بنا کر جیکب اورم کی گیند پر آﺅٹ ہوگئے۔ 68 کے مجموعی سکور پر ایڈوہانبو بغیر کوئی سکور بنائے ٹم ساﺅتھی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ 68 کے ہی سکور پر نکوچی بھی بغیر کوئی سکور آﺅٹ ہوگئے انہیں بھی ساﺅتھی نے ہی آﺅٹ کیا۔ آخری آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی اوٹینو تھے جو بغیر کوئی رن بنائے جیکب اورم کی گیند پر آﺅٹ ہوئے جبکہ آر آر پٹیل 16 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ ہمیش بینٹ نے 4 اور ٹموتھی ساﺅتھی اور جیکب اورم نے 3,3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ جواب میں نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے 8اوورز میں پورا کرلیا۔ مارٹن گپٹل اور برینڈن میک کولم نے انتہائی جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ مارٹن گپٹل نے 32 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 39 رنز اور برینڈن میک کولم نے 17 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 26سکور بنائے۔ کینیا کا کوئی بھی باﺅلر وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ آج بروزپیر آسٹریلیا اور زمبابوے کے درمیان گجرات سٹیڈیم موتیرا میں میچ کھیلا جائیگا۔سری لنکا نے ورلڈ کپ کے میچ میں کینیڈا کی کمزور ٹیم کو 210 رنز سے شکست دیدی۔ سری لنکا کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 332 رنز سکور کئے اور کینیڈا کو جیتنے کیلئے 333 رنز کا ٹارگٹ دیا۔ سری لنکا کے کھیل میں جے وردھنے نے 100، سنگا کارا نے 92 اور دلشان رتنے نے 50 رنز بنائے، کینیڈا کی طرف سے بیدوان نے 2 اور ڈیوسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ کینیڈا نے جواب میں 122 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آﺅٹ ہوگئے۔ رضوان چیمہ 37 اور بگائی 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سری لنکا کے کالو سکارا اور پریرا نے 3,3 کھلاڑی آﺅٹ کئے مرلی دھرن نے 2کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔
مزیدخبریں