”ریمنڈ ڈیوس کو پھانسی دی جائے“ عباد الرحمن کے گھر سے فہیم شہید کی رہائشگاہ تک احتجاجی کارواں

Feb 21, 2011

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام گزشتہ روز معصوم شہریوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کو پھانسی دینے کے حق میں اور عباد الرحمن کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف روڈ کارواں گلشن راوی میں واقع عباد الرحمن کے گھر سے شروع ہوا اور شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا راوی روڈ لکڑ منڈی فیضان کے گھر سے ہوتاہوا بیگم کوٹ شاہدرہ میں فہیم شہید کے گھر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ کارواں کے شرکاءنے امریکہ کیخلاف شدید نعرے بازی اور عباد الرحمن کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ شرکاءنے امریکی قاتل ریمنڈ ڈیوس سے جیل میں عام قیدیوں کی طرح سلوک کا مطالبہ کیا۔ گلشن راوی، راوی روڈ اور بیگم کوٹ میں جماعت اسلامی کے رہنماﺅں اور عباد، فیضان اور فہیم کے ورثاءنے بھی خطاب کیا۔کارواں کی قیادت فرید احمد پراچہ، امیر العظیم، حافظ سلمان بٹ، احمد جمیل راشد اور شاہد نوید ملک نے کی۔ روڈ کارواں میں ٹرک، کاروں اور موٹر سائیکلیوں پر سوار جمعیت اور شباب ملی کے کارکنوں کی کثیر تعداد بھی شریک تھی۔ مون مارکیٹ سے شاہدرہ تک کارواں کے راستوں پر مختلف مقامات پر تین پاکستانی شہداءکے قد آور ہورڈنگ بورڈ نصب تھے۔ فرید پراچہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ریمنڈ ڈیوس کو واپس کیا گیا تو مصر اور تیونس سے بڑھ کر انقلاب آئیگا اور کوئی حکمران عوامی غضب سے نہیں بچ سکے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ امیکی قونصلیٹ میں چھپے عباد الرحمن کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے اور اس کیلئے قونصل خانے کا گھیراﺅ کیا جائے۔ اسکی بجلی، گیس اور پانی کو بند کردیا جائے، کسی کو وہاں سے باہر نہ نکلنے دیا جائے اور جو باہر نکلے چاہے امریکی قونصلیٹ ہی ہو، گرفتار کرکے اسکے بدلے قاتل گاڑی میں سوار لوگوں کو گرفتار کیا جائے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور امیر العظیم نے کہا کہ ملک میں بلیک واٹر کے قاتل دندناتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریمنڈ ڈیوس سمیت کسی اور کو ملک سے بھاگنے نہیں دینگے۔ حافظ سلمان بٹ نے کہا کہ امریکیوں نے معصوم شہریوں کو قتل کرکے قوم میں حرارت پیدا کردی ہے۔ اب انقلاب آئیگا اور امریکہ کے غلام حکمران مزید اقتدار میں نہیں رہ سکیں گے۔رہنماﺅں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کے بدلے بے گناہ عافیہ کی رہائی نہیں چاہتے خون کا بدلہ خون ہے عبادالرحمن کے بھائی سجاد الرحمن نے کہا کہ میرے بھائی کے قاتل بیرون ملک چلے گئے یہ قوم کو جھانسہ دینے کےلئے ہے قاتل امریکی قونصل خانے مےں چھپے ہےں گرفتار کر کے عدالتی کٹہرے مےں لایا جائے۔ فیضان کے بھائی عمران حیدر نے کہا کہ ہم بکنے اور جھکنے والے نہیں ہےں عوام کی عدالت مےں آگئے عوام ہمیں انصاف مہیا کرے۔
مزیدخبریں