کراچی میں فائرنگ، پی پی کارکن سمیت 7جاں بحق، متحدہ کے دفتر پر بم حملہ

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، فائرنگ کے واقعات اور دو گرنیڈ حملوں میں 7افراد ہلاک اور 10زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق نیو کراچی کے علاقے سیکٹر فائیو اے ٹو میں موٹر سائیکل سواروں نے ایم کیو ایم کے یونٹ آفس پر دستی بم پھینک دیا جس کے پھٹنے سے 2کارکن شدید زخمی ہو گئے۔ خواجہ اجمیر نگری میں روٹ نمبر فور جے کی بسوں کے سٹاپ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دستی بم پھینک دیا۔ بم دھماکے میں 4افراد شدید زخمی جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ادھر نامعلوم افراد نے پی آئی بی کچی آبادی منوں گوٹھ کے رہائشی پیپلزپارٹی کے کارکن 20سالہ محمد بلال بلوچ کو اغوا کرنے اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گلاگھونٹ کر قتل کر دیا اور بوری میں بند نعش پرانی سبزی منڈی کے علاقے عسکریہ پارک کے قریب پھینک گئے۔ کلری کے علاقے میں علی ہوٹل کے قریب مسلح افراد کے حملے میں پولیس اہلکار کبیر احمد جاں بحق ہو گیا۔ اورنگی ٹاﺅن کے علاقے چاندنی چوک میں نامعلوم افراد نے 31سالہ عامر فضل کو گولیاں مارکر قتل کر دیا۔ ادھر جام گوٹھ میں 28سالہ نامعلوم نوجوان کو قتل کرکے نعش کھوکھرا پار کی طرف جانے والے پل سے نیچے پھینک دی گئی جبکہ ماری پور روڈ پر کراﺅن سینما کے قریب نامعلوم شخص کی بوری بند نعش برآمد ہوئی جسے تشدد کرکے قتل کیا گیا تھا۔ اورنگی ٹاﺅن سیکٹر 13میں نامعلوم افراد نے 33سالہ عمران اسلام الدین کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا جبکہ ساحلی مقام پر پیراڈائز پوائنٹ سے 30سالہ نامعلوم شخص کی خستہ حال نعش برآمد کرلی گئی۔ نیوکراچی میں 5روز قبل اغوا ہونیوالے دکاندار شہزاد علی کو بُری طرح تشدد سے زخمی کرنے کے بعد مردہ سمجھ کر جلتی گاڑی سے نالے میں پھینک دیا، لوگوں نے پولیس کی مدد سے اسے ہسپتال پہنچایا۔ نارتھ کراچی میں 35سالہ عظیم نیو کراچی میں 25سالہ نبیل احمد، گلشن اقبال میں اصفہانی روڈ پر ایک شخص کو گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن