ایرانی وزیر پٹرولیم کی صدر زرداری اور وزیراعظم سے ملاقاتیں

 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ اے پی پی) ایران کے وزیر پٹرولیم رستم غاصی نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے سمجھوتے کو آگے کی جانب قدم قرار دیا۔ وزیراعظم نے گوادر کی ضروریات پورا کرنے کیلئے ایران کی جانب سے بجلی کی فراہمی کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ایرانی وزیر پٹرولیم نے وزیراعظم کو بتایا پاک ایران گیس پائپ لائن کے حوالے سے ایران میں کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ ایرانی وزیر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان اور ایران اقتصادی تعلقات کو بڑھا کر اپنے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنا سکتا ہے۔ ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کی طرف سے وزیراعظم کے لئے نیک تمناو¿ں کا پیغام بھی پہنچایا۔ ایرانی وزیر سے ملاقات میں صدر زرداری نے پاکستان اور ایران کے درمیان تمام شعبہ جات بالخصوص توانائی، تجارت اور معیشت کے میدان میں بڑے بڑے منصوبوں کی سرگرمی سے پیروی کے ذریعے دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔ صدرکے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ ملاقات کے دوران صدرمملکت نے پاکستان کی توانائی کی ضروریات اور انہیں پورا کرنے کے لئے اقدامات کو اجاگرکیا۔ صدر نے دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر رابطے اور ای سی او کنٹینر ٹرین کے منصوبے کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ ای سی او ٹرین کے باقاعدہ فعال ہونے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و راہداری سہولیات کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کوئٹہ تفتان ریلوے پٹڑی کو بہتر بنانے کے لئے ایران کی تکنیکی اور مالی معاونت کا خیرمقدم کرے گا۔ صدر نے پاکستان اور ایران کے درمیان سکیورٹی تعاون کے سمجھوتے پر حالیہ دستخط پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ بارڈر سکیورٹی کے میدان میں وسیع تر تعاون سے انسداد دہشت گردی اور سرحدی جرائم اور منشیات کی سملگنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ انہوں نے دہشت گردی اور اس کے پس پردہ سوچ کو پاکستان اور ایران کا مشترکہ دشمن قرار دیتے ہوئے اس ذہنیت کو شکست دینے کی ضرورت پر زوردیا۔

ای پیپر دی نیشن