شیخوپورہ: ایک بھائی قتل، دوسرے کو زخمی کرنیوالا ڈاکو مبینہ مقابلے میں ہلاک

شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) تھانہ سٹی اے ڈویژن پولیس نے مقابلہ کے بعد ڈکیتی کے دوران قتل کے ملزم کو ایک مبینہ پولیس مقابلہ میں ہلاک کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق محلہ صدیقیہ کالونی میں نان بائی کی دکان پر ڈاکو ڈکیتی کرنے آئے اور مزاحمت پر دو سگے بھائیوں کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا جس پر بعد میں ایک بھائی محمد ریاض ہلاک ہو گیا۔ نامعلوم ملزمان رقم اور موبائل لوٹ کر فرار ہو گئے جس کا مقدمہ تھانہ اے ڈویژن میں درج ہوا۔ ڈی پی او شیخوپورہ رانا عبدالجبار نے ملزموں کی گرفتاری کے لئے ایک سپیشل ٹیم تشکیل دی۔ گذشتہ رات 2 بجے رات گھنگ روڈ پر پولیس نے ناکہ بندی کی ہوئی تھی کہ اچانک تین موٹر سائیکل سوار آئے جن کو پولیس نے روکنے کی کوشش کی تو یہ ناکہ بندی توڑ کر دوموآنہ کی طرف فرار ہو گئے جس پر پولیس نے انکا تعاقب کیا۔ دوموآنہ گاﺅں کے قریب ان مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کی جس سے ایک ملزم ہلاک جبکہ اسکے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے کی شناخت بعد میں منشا لوہار سکنہ آبادی لویت والہ بشمولہ یوسف والہ ضلع ننکانہ ہوئی جو شیخوپورہ پولیس اور ننکانہ پولیس کو مقدمہ 58/13 سمیت متعدد ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب تھا پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کے باقی ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ مقتول ریاض کے والد محمد یوسف نے کہا مجھے انصاف مل گیا ہے اور میرے بیٹے کا قاتل اپنے انجام کو پہنچ گیا ہے۔ سماجی حلقوں اور شہریوں نے خطرناک ملزم کی ہلاکت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ آر پی او شیخوپورہ ذوالفقار احمد چیمہ اور ڈی پی او شیخوپورہ رانا عبدالجبار نے تمام پولیس پارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے لئے تعریفی سرٹیفکیٹ اور انعامات کا اعلان کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن