لاہور (نیوز ڈیسک) ساہیوال کے نواحی چک 79-5Rمیں ایک دلہن کی تین باراتیں آ گئیں۔ دلہن کو بیاہ کر لے جانے کی ضد میں تینوں باراتوں کے لوگ آپس میں لڑ پڑے۔ شدید لڑائی میں ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال بھی کیا گیا جس سے 7باراتی زخمی ہو گئے۔ بالآخر پنچایت نے قرعہ اندازی کر کے دلہن شکیلہ کا نکاح اسکے ماموں کے گھر لاہور سے آنیوالی ایک بارات کے دولہا مقبول احمد سے کر دیا۔ 2دولہے شاہد اور عرفان باراتیں واپس لے کر مایوس لوٹ گئے۔ تفصیلات کے مطابق دلہن کے والد غلام علی نے اپنے تین رشتہ داروں کو اپنی بیٹی شکیلہ کا رشتہ دینے کےلئے ایک ایک لاکھ روپے کھانے اور شادی کے اخراجات وغیرہ کی مد میں وصول کر لئے لیکن شاہد کو بارات کےلئے 19 فروری کی تاریخ دے دی۔ اس پر شاہد تو بارات لے کر آ گیا ساتھ ہی لاہور سے لڑکی کا ماموں منظور احمد اور ایک کزن اپنے بیٹے عرفان کی بارات لے آیا جس پر فریقین میں جھگڑا ہو گیا۔ چک کے معززین نے پنچایت بلا کر فیصلہ کروایا۔