بلوچستان: ایرانی فورسز کی فائرنگ سے ایک پاکستانی جاں بحق، 26لیویز کے حوالے

کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے سرحدی علاقے پر ایرانی فورسز کی فائرنگ سے پاکستانی جاں بحق ہوگیا۔ پنجاب کا رہائشی طارق سلیم محنت مزدوری کی غرض سے ایران گیا تھا کہ بندرعباس میں ایرانی فورسز کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا، نعش کو ضروری کارروائی کے بعد لیویزکے حوالے کردیا گیا۔ علاوہ ازیں تفتان سے غیرقانونی طور پر ایران میں داخل ہونے والے26پاکستانیوں کو ایرانی سکیورٹی فورسز کے عملے نے گرفتارکرکے لیویزکے حوالے کردیا۔ یہ پاکستانی غیرقانونی طور پر بارڈر کراس کرکے ایران میں داخل ہورہے تھے۔ ادھر پنجگور میں فرنٹیئر کورکے کانوائے کو ریموٹ کنٹرول بم سے اڑانے کی کوشش، دھماکے سے ایک گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیںہوا۔ گزشتہ روز فرنٹیئر کور کا چارگاڑیوں پرمشتمل کانوائے بازار سے اپنے کیمپ واقع چتکان جارہا تھا کہ سڑ ک کے کنارے نصب کئے گئے بم سے کانوائے کو اڑانے کی کوشش کی گئی۔ دھماکے سے علاقے میںخوف وہراس پھیل گیا۔ ادھر لورالائی کے علاقے سے سی آئی اے پولیس نے 21افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا۔ ادھر ایف سی ذرائع کے مطابق فارن ایکٹ کے تحت 90افغان باشندوں کو میاں غنڈی سے گرفتار کیا گیا۔ علاوہ ازیں لیویز کے عملے نے خفیہ اطلاع ملنے پر نال کے علاقے ہڑمبو سے ایک شخص کی نعش قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچا دی۔

ای پیپر دی نیشن