اسلام آباد+لاہور (نوائے وقت رپورٹ/خصوصی رپورٹر) صدر زرداری سے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین اور نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں انتخابی اتحاد، سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور سیاسی صورتحال پر مشاورت ہوئی۔ قبل ازیں چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر مسلم لیگ ق اور پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں کی ملاقات ہوئی جس میں آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے سیاسی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں پارٹی رہنماﺅں نے مشترکہ انتخابی امیدوار میدان میں لانے اور مضبوط قوت کے ساتھ سیاسی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شجاعت حسین اور پرویز الٰہی نے کہا کہ یہ انتخابی اتحاد ملکی سیاست میں ایک نئے دور کی غمازی کرتا ہے جس سے سیاست میں ساتھ مل کر چلنے کی روایت پڑے گی۔