اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حج اخراجات میں 15 سے 20 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ارکان نے حج پالیسی پر کماحقہ غور کرنے کا مطالبہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ حج پالیسی کو عجلت میں منظور نہ کیا جائے۔ اس کو وفاقی کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے لیکن وفاقی وزیر مذہبی امور سید خورشید شاہ نے اس سے اتفاق نہیں کیا جس پر وفاقی کابینہ نے حج پالیسی کی مشروط طور پر منظوری دے دی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سید خورشید شاہ اور وزارت دفاع اور پی آئی اے کے حکام حج کرایوں کے اضافہ کے مطالبہ پر مذاکرات کریں گے۔ پی آئی اے شمال سے حج کرایہ ایک لاکھ روپے اور جنوب سے 99 ہزار روپے کرایہ کا مطالبہ کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت مذہبی امور حج کرایوں میں اضافے کی مخالفت کر رہی ہے اس کا م¶قف ہے حج کرایہ علی الترتیب 90 اور 85 ہزار روپے ہی رہنا چاہئے۔ ذرائع کے مطابق مکة المکرمہ میں رہائش گاہوں کے کرایہ میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔
حج اخراجات میں 15 سے 20 فیصد تک اضافہ کا امکان
Feb 21, 2013