اسلام آباد (نیٹ نیوز) نواز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کے اجلاس میں نگران سیٹ اپ اور سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے کسی رہنما کا نام بطور نگران وزیراعظم قبول نہیں کیا جائے گا۔ پنجاب ہاﺅس اسلام آباد میں ہونے والے مسلم لیگ ن کے مشاورتی اجلاس میں چودھری نثار، پرویز رشید، مشاہد اللہ، احسن اقبال، سردار مہتاب عباسی اور خواجہ آصف نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک میں نگران سیٹ اپ کے لئے مجوزہ ناموں اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ پیپلز پارٹی کے کسی رہنما کا نام بطور نگران وزیراعظم قبول نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر جسٹس (ر) ناصر اسلم زاہد کے نام پر پائے جانے والے تحفظات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ محمود اچکزئی کا نام بھی بطور نگران وزیراعظم زیربحث آیا تاہم بتایا گیا ہے کہ جماعت اسلامی نے ان کے نام پر سخت تحفظات ظاہر کئے ہیں۔ اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں سے انتخابی اتحاد کے حوالے سے امور پر بھی بات کی گئی اور مشاورتی عمل کو جمعرات کو بھی جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے کسی رہنما کو نگران وزیر اعظم تسلیم نہیں کرینگے: مسلم لیگ ن
Feb 21, 2013